وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی محمد نواز شریف سے ملاقات

جماعتی اور تنظیمی امور سمیت ملک کے سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیئے تمام تر وسائل مہیا کرے گی، نواز شریف کی یقین دہانی

پیر 2 اکتوبر 2017 18:47

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی محمد نواز شریف سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2017ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی اسلام آباد میں میاں محمد نواز شریف سے ملاقات ،پاکستان مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت ،میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جماعتی اور تنظیمی امور سمیت ملک کے سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہیں آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا اور یقین دھانی کرائی کہ وفاق میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیئے تمام تر وسائل مہیا کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں محمد نواز شریف نے وزیراعظم آزادکشمیر کو یہ بھی یقین دہانی کرائی کی وفاقی حکومت جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیئے عالمی فورمز پر جاندار کردار جاری رکھا جائے گا قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف سے ملاقات اور مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی بالادستی کے لیئے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں متحدہو کر آگے بڑھیں اور ملکی و سیاسی استحکام اور جمہوریت کے لیئے مل جل کر کام کریں ملک کی بقاء آئین اور جمہوریت کی بالادستی میں ہے میڈیا کو بھی آئین و قانون کی بالادستی ،سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف ہمارے قائد ہیں آج پارٹی کے اجلاس میں وہ جماعت کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوں گے ملک کی ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے لیئے سیاسی قیادت کی موجودگی ناگزیر ہے سیاسی قیادت ہی ملک بحرانوں اور مشکلات سے نکال سکتی ہے ملکی استحکام اور خوشحالی کے لیئے تمام سیاسی جماعتوں کو متفقہ لائحہ عمل طے کر کے اس پر چلنا ہو گا انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی طرف سے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرنا اور عدالتوں میں پیش ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا دامن صاف ہے راجہ محمد فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے عوام کی پراپرٹی ہوتے ہیں اور عوام ان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں جس طرح ذوالفقار علی بھٹو مرحوم سے متعلق عدالتی فیصلے پر اظہار خیال کیا جاتا ہے عدلیہ کے فیصلوں پر عوامی رائے کا اظہار کوئی ان ہونی بات نہیں ہے یہ عوام کا حق اور اختیار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیئے پرامن جدوجہد کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی قابض افواج کی طرف سے سویلین آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنانے ،نہتے اور بے گناہ افراد کو شہید و زخمی کرنے اور عوام الناس کی املاک تباہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور بھارت کے ان اقدامات کو جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام میں رکاوٹ قرار دیا گیا ہے سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کی گئی ہے اور کشمیریوں کو یقین دلایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے مختلف وفاقی وزراء نے بھی ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر اظہار خیال کیا ۔