لاہور ہائیکورٹ نے نور الامین مینگل کی بلوچستان تبادلے کیخلاف دائر درخواست خارج کر دی

پیر 2 اکتوبر 2017 15:10

لاہور ہائیکورٹ نے نور الامین مینگل کی بلوچستان تبادلے کیخلاف دائر ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈائر یکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کی بلوچستان تبادلے کے خلاف دائر درخواست خارج کرتے ہوئے قراردیاکہ ایسے معاملات کے لیے براہ راست اعلیٰ عدلیہ سے رجوع نہیں کیا جاسکتا اسکے لئے سروس ٹربیونل سے رجوع کریں، دوران سماعت ڈی جی فوڈ پنجاب نور الامین مینگل کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ درخواست گزار 2001 میں بطور اسسٹنٹ کمشنر بھرتی ہوا اب تک اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دئیے،اب 28 اگست 2012 کی پالیسی کے تحت اسکا بلوچستان تبادلہ کر دیا گیا ہے،درخواست گزار کے وکیل نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ ایڈمنسٹر یٹو گروپ سے تعلق رکھنے کی بناء پر اس پالیسی کا درخواست گزار پر اطلاق نہیں ہوتا، لہذاعدالت 12 ستمبر 2017ء کے تبادلے کے احکامات کو غیر قانونی قرار دے جس پر عدالت نے قراردیا کہ آئین کے آرٹیکل 212 کے تحت ایسے معاملات براہ راست اعلیٰ عدالتوں میں لائے نہیں جا سکتے،محکمانہ پالیسی کے تحت کوئی ملازم 3 سال سے زائد عرصہ تک ایک پوسٹ پر تعینات نہیں رہ سکتا، عدالت نے نور الامین مینگل کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی۔