محکمہ بہبود آبادی کے پیغامات کی پسماندہ علاقوں تک ترسیل میں معاونت کی ضرورت ہے، مختار احمد بھرت

پیر 2 اکتوبر 2017 13:43

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2017ء) پنجاب کے صوبائی وزیر بہبود آبادی مختار احمد بھرت نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پس منظر میں بے شمار سماجی مسائل ہیں جو ہماری سوچ کو مثبت انداز سے پروان نہیں چڑھنے دیتے، اس لئے معاشرے کے تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو محکمہ بہبود آبادی کے پیغامات کی پسماندہ علاقوں تک ترسیل میں معاونت کی ضرورت ہے کیونکہ مقصد ایک صحت مند اور مفید شہریوں پر مشتمل معاشرے کا قیام ہے جو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں بھر پور کردار ادا کر سکیں، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرنے سوموار کو یہاںاپنے دفتر میں ڈاکٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، صوبائی وزیر مختار احمد بھرت نے کہا کہ بچوں کی کثرت پیدائش سے نہ صرف ماں کی جان کو خطرہ بلکہ ذہنی و جسمانی طور پر کمزور بچوں کے پیدا ہونے کا احتمال بھی ہوتا ہے ، محکمہ بہبود آبادی این جی اوز اور محکمہ صحت کے اشتراک سے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر بحیثیت شہری بڑھتی ہوئی آبادی کا موجب بننے والے سماجی مسائل کا خود خاتمہ کرنا ہے ، ماں اور بچے کی زندگی کو بچانا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہم آبادی کے ایشو کو با آسانی حل کر سکتے ہیں، کیونکہ بذریعہ تعلیم ہی سے ذہنی بالیدگی کا حصول ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :