3 اکتوبر جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام منعقدہ قبائلی جرگہ وقومی کانفرنس کے تمام تر انتظامات مکمل ہوگئے ، جرگہ میں تمام قبائل کے سرکردہ ملکان وعمائدین نے شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے ، میاں افتخار حسین ، سراج الحق ،آفتاب احمد خان شیرپاؤ، شیخ رشید احمد سمیت ودیگررہنمائو دعوت نامہ پہنچا دیا گیاہے،مرکزی سیکرٹری اطلاعات جمعیت علماء اسلام مولانا سید یوسف شاہ

ہفتہ 30 ستمبر 2017 19:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 ستمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید یوسف شاہ نے کہاہے کہ 3 اکتوبر بروز منگل صبح 10 بجے پشاور میں جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام منعقدہ قبائلی جرگہ وقومی کانفرنس کے تمام تر انتظامات مکمل ہوگئے ۔ جرگہ میں تمام قبائل کے سرکردہ ملکان اورعمائدین نے شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے قبائلی مشران کے علاوہ قومی سیاستدانوں کو بھی دعوت دی گئی ہے جواکثر نے قبول کرلی ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین ،جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق اورصوبائی امیر مشتاق احمد خان، قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاؤ، مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق،مسلم لیگ ق کے محمد اجمل خان وزیر، پی ٹی آئی کے صوبائی ترجمان شاہ فرمان عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ،نوجوانان پاکستان کے عبداللہ گل اورمسلم لیگ ضیا کے اعجاز الحق ودیگر کو جرگہ کا دعوت نامہ پہنچا دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

بروز ہفتہ انہوں نے قبائلی عمائدین کی طرف سے جرگہ کے انعقاد پر قائد جمعیت مولانا سمیع الحق کو خراج تحسین پیش کی گئی ہے اور قبائل کے لئے ان کی خدمات کو سراہا گیاہے۔ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ جرگہ میں قبائل کو درپیش مسائل اور مشکلات بالخصوص صوبہ کے پی کے سے انضمام کے بارے میں ایک متفقہ اور ٹھوس فیصلہ کیا جائے گا،کچھ لوگ قبائل کو اپنے مفادات کے لئے پسماندہ رکھنے کے لئے ناکام کوششوں میں مصروف ہیں جو قبائل کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے ،ہماری پارٹی اور قائد جمعیت مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ قبائل کی آزادی، خودمختاری اور ترقی کے لئے جدوجہد کی ہے اوروہ سمجھتے ہیںکہ قبائل کووہ تمام مراعات سہولیات دی جائیں جو سیٹل ایریا کے عوام کو حاصل ہیں، مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ قبائل کو مختلف آپریشنوں میں جس طرح دربدر کرکے خوار وذلیل کئے اوراپنے ملک کے اندر کئی سال ہجرت کرنے پر مجبور کئے گئے اب وقت کا تقاضا ہے کہ اس کا ازالہ کیا جائے اوران کی مشکلات کو حل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ وہاں تعلیم صحت کی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں جو ہر انسان کے بنیادی حق ہیں ،اور یہ حقوق صوبہ میں انضمام کی صورت میں مل سکتے ہیں، مولانا یوسف شاہ نے تمام قبائلی عمائدین ملکان اور مشران سے اپیل کی ہے کہ وہ قائد جمعیت مولانا سمیع الحق کے طلب کردہ جرگہ میں شرکت کرکے اپنی نسل نو کا مستقبل روشن بنائیں ۔