جے یوآئی( س) کے زیراہتمام قبائلی جرگہ وقومی کانفرنس کے تمام ترانتظامات مکمل

ہفتہ 30 ستمبر 2017 16:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید یوسف شاہ نے کہاہے کہ 3 اکتوبر بروز منگل صبح 10 بجے پشاور میں جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام منعقدہ قبائلی جرگہ وقومی کانفرنس کے تمام تر انتظامات مکمل ہوگئے ۔ جرگہ میں تمام قبائل کے سرکردہ ملکان اورعمائدین نے شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے قبائلی مشران کے علاوہ قومی سیاستدانوں کو بھی دعوت دی گئی ہے جواکثر نے قبول کرلی ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین ،جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق اورصوبائی امیر مشتاق احمد خان، قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاؤ، مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق،مسلم لیگ ق کے محمد اجمل خان وزیر، پی ٹی آئی کے صوبائی ترجمان شاہ فرمان عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ،نوجوانان پاکستان کے عبداللہ گل اورمسلم لیگ ضیا کے اعجاز الحق ودیگر کو جرگہ کا دعوت نامہ پہنچا دیا گیاہے، قبائلی عمائدین کی طرف سے جرگہ کے انعقاد پر قائد جمعیت مولانا سمیع الحق کو خراج تحسین پیش کی گئی ہے،اور قبائل کے لئے ان کی خدمات کو سراہا گیاہے۔

(جاری ہے)

مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ جرگہ میں قبائل کو درپیش مسائل اور مشکلات بالخصوص صوبہ کے پی کے سے انضمام کے بارے میں ایک متفقہ اور ٹھوس فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ قبائل کو اپنے مفادات کے لئے پسماندہ رکھنے کے لئے ناکام کوششوں میں مصروف ہیں جو قبائل کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے ،مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ ہماری پارٹی اور قائد جمعیت مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ قبائل کی آزادی، خودمختاری اور ترقی کے لئے جدوجہد کی ہے اوروہ سمجھتے ہیںکہ قبائل کووہ تمام مراعات سہولیات دی جائیں جو سیٹل ایریا کے عوام کو حاصل ہیں، مولانا یوسف شاہ نے تمام قبائلی عمائدین ملکان اور مشران سے اپیل کی ہے کہ وہ قائد جمعیت مولانا سمیع الحق کے طلب کردہ جرگہ میں شرکت کرکے اپنی نسل نو کا مستقبل روشن بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :