خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات میں بھارتی فورسز ملوث ہیں ‘ سید علی گیلانی

پرامن جلوسوں پر پابندیاں عائد کرنا مذہبی معاملات میں مداخلت ہے ‘ بیان

ہفتہ 30 ستمبر 2017 16:26

خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات میں بھارتی فورسز ملوث ہیں ‘ سید علی گیلانی
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے وادی کے مختلف حصوں میں خواتین کی چوٹیاں کاٹے جانے جیسے لوگوں کو ہراساں کرنے کے نئے حربوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے حربے میں بھی بھارتی فوج ملوث ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے واقعات میں بھارتی فوج ملوث ہو سکتی ہے انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر ملٹری زون ہونے کے باوجود واقعے میں ملوث ملزمان پرکوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر خاموشی اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی نااہلی وادی میں بدترین صورت حال کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کی چوٹیاں کاٹنا ناقابل قبول حملہ اور خواتین کی ہتک عزت ہے انہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی عائد کرنے پر بھی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پرامن مذہبی تہوار پر پابندی لوں کے مذہبی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کو بھارتی غلامی میں اس حد تک جانے سے گریز کرنا چاہئے ۔