قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی‘آفتاب شیرپائو

جمعہ 29 ستمبر 2017 20:08

قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی‘آفتاب ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے جو انکے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پختونوں نے ملک کی خاطر بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں لیکن ا فسوس کی بات ہے کہ ان کو ان قربانیوں کا صلہ نہیں ملا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل ڈھکی Pk-20 میں سوئی گیس کی فراہمی کے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں اور غریب طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ ان کی فلاح اور حقوق و تحفظ کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی چاہے حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں دونوں صو رتوں میں عوام کی خدمت کو فرض اولین سمجھتی اورہماری جماعت پختونوں کے حقوق کیلئے جدو جہد جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کو جب بھی موقع ملا ہے تو پارٹی نے صوبہ کے عوام کی خدمت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائے جن سے ان کی معیار زندگی بلند ہوئی۔ آفتاب شیرپاو،ْ نے کہاکہ قومی وطن پارٹی قبائلی عوام کے ساتھ مشکل کی ہر گھڑی میںساتھ دے گی اور کوشش کرے گی کہ فاٹاکو خیبر پختونخوامیں انضمام کرکے پختونوں کی آواز کو موثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردی ، جمہوریت کے قیام اور قانون کی بالادستی کیلئے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیںاور اس کے لئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی فلاح تب ہی ممکن ہوگی جب فاٹا کومکمل طور پرخیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے ۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ سال 2018انتخابات کاسال ہے اور پارٹی رہنمائوں اور ورکروں پر زور دیا کہ وہ آنے والے انتخابا ت کیلئے بھر پور تیاریاں کریں اور عوام کے ساتھ روابط مضبوط بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے صوبے کے عوام کی حقوق کیلئے ہر محاذ پرآواز اٹھائی ہے اورعوام پارٹی خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے آنے والے انتخابات میں قومی وطن پارٹی کا ساتھ دے گی ۔ انھوں نے پاکستان اور افغانستان کے مابین حالیہ مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین موجودہ مذاکراتی عمل نیک شکون ہے جو دونوں ممالک میں امن اور خوشحالی کا ضامن ہوگا۔

انہوں نے مر کزی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں ملکی اور سفارتی سطح پر مخلصانہ اقدامات اٹھائیں کیونکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین بہتر تعلقات دونوں ممالک اور خطے کے بہترین مفاد میں ہوںگے اور اس سلسلے کو آگے بڑھانا ضروری ہے ۔انھوں نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے خود کش بم دھماکہ کی شدید مذمت کی اور اسے انتہائی ظالمانہ فعل قرار دیاانھوں نے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھماکہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افرادکے خاندانوں سے دلی ہمدردی کااظہارکیا ۔

متعلقہ عنوان :