غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں آصف زرداری کا قریبی سرکاری افسر ماڈل ایان علی کی سہولت کاری کررہا تھا،قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ میں انکشاف

ایان علی کے کیس میں ہمارے پاس باقاعدہ ویڈیو موجود ہے،با اثر شخصیت کا دعویٰ تھاکہ برآمد رقم مسجد کیلئے بھیجی جا رہی تھی ،ایان علی کو گرفتار کیا گیا تو سب سے زیادہ واویلا سابق صدر کے اہم افسر نے کیاسیکیورٹی اداروں کو اکثر مواقعوں پر سیاسی اثر و رسوخ تلے دبایا جاتا ہے، اے ایس ایف حکام کی بریفنگ کمیٹی نے پی آئی اے طیاروں میں منشیات برآمدگی پر متعلقہ حکام کی بریفنگ مسترد کردی، شدید برہمی کا اظہار پی آئی اے طیاروں سے منشیات کی برآمدگی کے کیسز کی مکمل فہرست بھی طلب، پی آئی اے کے سینئرجنرل منیجر بریگیڈئیر آصف کی معطلی کی سفارش

جمعرات 28 ستمبر 2017 20:11

غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں آصف زرداری کا قریبی سرکاری افسر ماڈل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 ستمبر2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکر ٹریٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹراے ایس ایف بریگیڈئیرعمران نے انکشاف کیا ہے کہ غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں سابق صدرآصف زرداری کا قریبی سرکاری افسر ماڈل گرل ایان علی کی سہولت کاری کررہا تھا، ایان علی کے کیس میں ہمارے پاس باقاعدہ ویڈیو موجود ہے،با اثر شخصیت کا دعویٰ تھاکہ برآمد رقم مسجد کیلئے بھیجی جا رہی تھی ،ایان علی کو گرفتار کیا گیا تو سب سے زیادہ واویلا سابق صدر کے اہم افسر نے کیاسیکیورٹی اداروں کو اکثر مواقع پر سیاسی اثر و رسوخ تلے دبایا جاتا ہے،کمیٹی نے پی آئی اے طیاروں میں منشیات برآمدگی پر متعلقہ حکام کی بریفنگ مسترد کر تے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور پی آئی اے کے طیاروں سے منشیات کی برآمدگی کے کیسز کی مکمل فہرست طلب کرتے ہوئے پی آئی اے کے سینئرجنرل منیجر بریگیڈئیر آصف کی معطلی کی سفارش کردی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو کمیٹی کا اجلاس چیئر مین رانا محمد حیات کی زیر صدارت اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز کراچی میں ہوا، اجلاس کے دوران اے این ایف، کسٹمز، پی آئی اے اوراے ایس ایف کے افسران نے منشیات اسمگلنگ کے حوالے سے بریفنگ دی تاہم کمیٹی نے اس پرعدم اعتماد کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر اے ایس ایف بریگیڈیئرعمران نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیکیورٹی اداروں کو اکثر موقعوں پر سیاسی اثر روسوخ تلے دبایا جاتا ہے، ماڈل ایان علی کے کیس میں ہمارے پاس باقاعدہ ویڈیو موجود ہے، وڈیو میں سابقہ حکومت کا ایک اہم افسر ایان علی کی سہولت کاری کرتا دیکھا جاسکتا ہے، اس بااثر شخصیت کا کہنا تھا کہ ایان علی کے پاس سے جو رقم بر آمد ہوئی وہ مسجد کے لیے بھیجی جا رہی تھی۔

کمیٹی کے استفسار پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے بریگیڈیئر صغیر نے بتایا کہ پی آئی اے کے طیاروں سے منشیات اسمگلنگ کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے، ہیروئن کی بھاری مقدار ہیتھرو ایئر پورٹ پر برطانوی بارڈر سیکیورٹی ایجنسی نے طیارے سے بر آمد کی، ہیروئن کی اسمگلنگ کے الزام میں 16 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 7 کا تعلق سندھ جبکہ 9 کا پنجاب سے ہے، مرکزی ملزم کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ 2 مزید ملزمان کو پچھلے ہفتے گرفتار کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر ویجیلنس پی آئی اے بریگیڈیر آصف نے کہا کہ پی آئی اے کے جہازوں میں ملنے والی منشیات کے پیچھے بین الاقوامی مافیا سرگرم ہے، طیاروں میں منشیات کی برآمدگی اے ایس ایف اور دیگر اداروں کی ذمہ داری ہے۔کمیٹی کے چیرمین رانا حیات نے پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کو بولنے سے روکتے ہوئے کہا کہ ہم سے آج کی بات نہ کریں پچھلا حساب بتائیں ذمہ داروں کے ساتھ کیا کیا، کسی نئے کیس سے پہلے پرانے کیسز میں پی آئی اے سمیت دیگر محکموں کے ملوث افسران کو سزا دی جائے، 27 کلو ہیروئن تو سر پر بھی رکھ کر نہیں لائی جا سکتی طیارے تک کیسے پہنچی، پی آئی اے کے طیاروں اور ائیرپورٹس پرملنے والی منشیات میں ملوث ملزمان کون ہیں، ایئرپورٹس پرتعینات ایجنسیوں میں سے کون ذمہ دار ہے، ہیروئن اسمگلنگ کے پے در پے واقعات ہونا باعث شرم ہے، ہم آپ کی دی ہوئی بریفنگ کو مسترد کرتے ہیں، ہماری اطلاع ہے کہ صرف سوئپرکو گرفتار کیا گیا ہے کیا کوئی افسر بھی گرفت میں آیا، کمیٹی نے پی آئی اے کے طیاروں سے منشیات کی برآمدگی کے کیسز کی مکمل فہرست طلب کرتے ہوئے بریگیڈئیر آصف کی معطلی کی سفارش کردی ہے۔