سپریم کورٹ نے فردواحد کو آئین میں ترامیم کی اجازت دی ، فوجی آمر پرویز مشرف نے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا جو حکم دیا تھا اس کی دستاویزات کہاں ہیں ،

آئین کے آرٹیکل 6شامل کرنے کے باوجود دو مرتبہ مارشل لاء نا فذ کئے گئے ، اطلاعات رسائی بل کیلئے تمام فریقوں کی کوششیں قابل تعریف ہیں سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کانیشنل پریس کلب میں تقریب سے خطاب

جمعرات 28 ستمبر 2017 19:25

سپریم کورٹ نے فردواحد کو آئین میں ترامیم کی اجازت دی ، فوجی آمر پرویز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 ستمبر2017ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے فردواحد کو آئین میں ترامیم کی اجازت دی ، فوجی آمر پرویز مشرف نے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا جو حکم دیا تھا اس کی دستاویزات کہاں ہیں ، آئین کے آرٹیکل 6شامل کرنے کے باوجود دو مرتبہ مارشل لاء نا فذ کئے گئے ۔

جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ اطلاعات رسائی بل کیلئے تمام فریقوں کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، رسائی کے قانون کے تحت ہر شخص کو جاننے کا حق حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو موجودہ بل بنا ہے اس کی دسترس میں جو اختیارات آتے ہیں ان اختیارات کو حاصل کرنے کا کلچر فروغ پانے لگا ہے ،وہ کلچر یہی ہوگا کہ مجھے اور آپ کو اپنے بارے میں جاننے کا حق حاصل ہو اور اس کلچر کے فروغ سے یقیناً سماج میں وہ ذہن پیدا ہوگا جو اس کے دائرہ کار کو وسعت دیتا چلے جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس قانون کا بننا اس کے دائرہ کار میں جوآتا ہے اس کو استعمال کرنا اور جو اس کے دائرہ کار میں نہیں آتا اس کو حاصل کرنے کی کوششیں کرتے رہنا ایسا عمل ہے جو سماج کو ان خفیہ گوشوں سے ، ان خفیہ فیصلوں سے اور خفیہ طاقتوں سے نجات دلا کر ایسا شفاف منصفانہ نظام قائم کرنے میں مدد دے گا جس میں سوال کرنے کی بھی اجازت ہوگی اور جواب بھی ملے گا ۔

اس لئے زیادہ بہتر فیصلے کئے جا سکیں گے ۔ بہتر فیصلوں سے ہم نقصان سے بچیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کے بنانے کیلئے جو کاوشیں کی گئیں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ یہ ایک ایسی مہربانی ہے جو ہر ایک کی زندگی کو تحفظ فراہم کرے گی ۔ ان حادثوں سے بھی بچنے میں کامیاب ہوں گے جن حادثوں کا شکار پاکستان بارہا ہوا اور ہم ان حادثوں کو بھگتتے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت کاقانون جرم کو بھی کم کرے گا اور مجرموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کے عمل کو ختم کردے گا ، پارلیمنٹ نے اپنا فرض پورا کیا، خواہش ہے کہ یہ توفیق ہم سب کو حاصل رہے کہ اس طرح کے عملی کام ہم کرتے رہیں ۔انہوں نے کہا کہ کیا سابق فوجی آمر پرویز مشرف کی طرف سے پاکستان کے فضائی حدود استعمال کرنے کے لئے امریکہ کو جو اجازت نامہ دیا گیا اس کی لکھت پڑھت (دستاویزات) ہے ۔

دفاعی تجزیہ نگاروں نے اپنے پچیس تیس سال میں ایوب ، ضیاء اور مشرف کے شپ خون پر کچھ لکھا صرف قانون بنا دینا اور قانون کتابوں میں لکھ دینا کافی نہیں ، آئین میں کلاس چھ کے بعد بھی نہ صرف آئین توڑا گیا بلکہ مارشل لاء کا نفاذ ہوا ، سپریم کورٹ نے فرد واحد کو آئین میں ترمیم کی اجازت دی و چاہو نکالو جو چاہو شامل کرو۔