پاکستان میں بین الاقوامی تنظیم داعش کا کوئی وجود نہیں ، پاکستان

بھارت خطے میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے،افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت کے ثبوت پاکستان نے یو این کو فراہم کئے، نفیس زکریا چین اور روس کے ساتھ پاکستان الگ الگ دفاعی مشقوں میں مصروف ہے ،خطے میں امن کا خواہاں ہے اورپاکستان کی نیوکلیئر ہتھیار ملکی حفاظت کیلئے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ

جمعرات 28 ستمبر 2017 18:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2017ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے پاکستان میں داعش کی موجودگی سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم داعش کا کوئی وجود نہیں۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے،افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت کے ثبوت پاکستان نے یو این کو فراہم کئے ہیں۔

نفیس زکریا نے بتایا بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیموں ٹی ٹی پی اورJUA کے ذریعے پاکستان میں کارروائیوں میں مصروف ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کو فراہم کردئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر اپنا مؤقف پیش کیا۔

وزیراعظم کی سربراہی میں وفد نے اجلاس کے دوران سائیڈ لائن ملاقاتوں سے خطے کی صورتحال اور درپیش چیلنجز کے بارے میں اپنی پوزیشن واضح کی۔نفیس زکریا کے مطابق وزیرخارجہ خواجہ آصف آج شام پاکستان واپس پہنچیں گے جو وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد سائیڈ لائن ملاقاتوں کے سلسلے میں نیویارک میں موجودتھے۔اوپننگ ریمارکس میں انہوں نے بتایا کہ چین اور روس کے ساتھ پاکستان الگ الگ دفاعی مشقوں میں مصروف ہے،کشمیر میں بھارتی مظالم کے سلسلے میں ترجمان نے بتایا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی سلوک جاری ہے جولائی2016ء سے لیکر بھارتی فوج نی700کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے رکھا ہے،اس کے علاوہ کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ایل او سی کی خلاف ورزی بھارتی روٹین بن گئی ہے۔

ترجمان نفیس زکریا نے بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارتی افواج کی خلاف ورزی کے خلاف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر رپورٹ پیش کی۔ایک سوال کے جواب میں نفیس زکریا نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اورپاکستان کی نیوکلیئر ہتھیار ملکی حفاظت کیلئے ہیں اور آئی اے ای اے معاہدے کے تحت وہ محفوظ ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان تھائی لینڈ اور ملائیشیاء کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر رہا ہے جس کے تحت پاکستان آزادانہ طور پر ان ممالک میں جاسکیں گے اور اس کے علاوہ قطر نے بھی پاکستان کیلئے ائیرپورٹ پہنچنے پر ویزا دینے کی سہولت دے رکھی ہی۔