Live Updates

ٹیکس چوری، اثاثوں کو چھپانے اور منی لانڈرنگ میں عمران خان نااہل ہوجائیں گے،عمران خان نے لوگوں کے سامنے جھوٹ بولا ہے اوراب وہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوں گے،جولوگ ہماری جماعت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں وہ بے نقاب ہوررہے ہیں، انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرکے عمران خان نے اچھا کام نہیں کیا، پیپلزپارٹی آمر کے بنائے قانون کی حمایت اور بانی جماعت ذولفقارعلی بھٹو کے بنائے قوانین کی مخالفت کررہی ہیں،احتساب عدالت میں سماعتوں کے موقع پر میڈیا کو سہولیات دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے

وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 ستمبر 2017 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2017ء) وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہاہے کہ ٹیکس چوری، اثاثوں کو چھپانے اور منی لانڈرنگ میں عمران خان نااہل ہوجائیں گے،عمران خان نے لوگوں کے سامنے جھوٹ بولا ہے اوراب وہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوں گے،جولوگ ہماری جماعت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں وہ بے نقاب ہوررہے ہیں، عمران خان نے ایک انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرکے اچھا کام نہیں کیا، پیپلزپارٹی آمر کے بنائے قانون کی حمایت اور بانی جماعت ذولفقارعلی بھٹو کے بنائے قوانین کی مخالفت کررہی ہیں،احتساب عدالت میں سماعتوں کے موقع پر میڈیا کو سہولیات دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

جمعرات کو یہاں الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں اس مقدمہ کی سماعت کے دوران عمران خان کو بہت مواقع فراہم کیے گئے تاہم وہ اثاثوں پر عدالت عظمیٰ کو مطمئن نہیں کرسکے ہیں، عمران خان نے کئی برسوں تک ٹیکس حکام سے لندن فلیٹ کی ملکیت کو چھپایا اورکالے دھن کو سفید کرنے کی سکیم کے موقع پر انہوں نے یہ فلیٹ ڈکلئیر کیا،اب عمران خان چاہتے ہیں کہ ا ثاثے چھپانے کے معاملے پر انہیں نااہل نہ کیا جائے اوران کے غیر قانونی اقدام کو ’’معصومانہ غلطی وخطاء‘‘ قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت نے کہاکہ پانامہ پیپرز کیس میں سابق وزیراعظم محمدنوازشریف کو اپنے بیٹے سے تنخواہ وصول نہ کرنے پر نااہل قرار دیا گیا اور اس مقدمہ میں غیرمعمولی تیزی دکھائی گئی، بدقسمتی ہے کہ محمدنوازشریف کو سیاست سے باہر کرنے کی کوشش کی گئی۔طلال چوہدری نے کہاکہ اب عمران خان عدالت بتارہے ہیں کہ جمائمہ خان نے انہیں کئی ملین ڈالر دئیے تھے اور اس تمام رقم کا کوئی حساب کتاب نہیں ، عمران خان نے لوگوں کے سامنے جھوٹ بولا ہے اوراب وہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار پر 48گھنٹوں کے اندر فرد جرم عائد کیا گیا تاہم پیپلزپارٹی کے رہنمائوں پر نیب کیسوں میں چھ چھ ماہ کا عرصہ گذرنے پر بھی فرد جرم عائد نہیں ہوسکی ہیں۔ طلال چوہدری نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہی ہے، جولوگ ہماری جماعت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں وہ بے نقاب ہوررہے ہیں، حتمی عدالت عوام کی عدالت ہوتی ہے جو فیصلہ کریں گے کہ اس ملک پرحکمرانی کا حق کس کوہے۔

انہوں نے کہاکہ انٹلی جنس ادارے قومی ادارے ہیں ، عمران خان نے ایک انٹلی جنس ادارے کے سربراہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرکے اچھا کام نہیں کیا۔ ایک سوال پر طلال چوہدری نے کہاکہ پیپلزپارٹی آمر کے بنائے قانون کی حمایت اور بانی جماعت ذولفقارعلی بھٹو کے بنائے قوانین کی مخالفت کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس اداروں کی سفارشات پر کالعدم تنظیموں کے بارے میں الیکشن کمیشن کو مکتوب لکھا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ محمد نوازشریف کی ہدایت پر وہ آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں ، احتساب عدالت میں سماعتوں کے موقع پر میڈیا کو سہولیات دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :