جامشورو پولیس نے 19 سالہ طالبہ تانیہ خاصخیلی کے قتل کیس میں شریک ملزم کو گرفتار کرلیا

دونوں ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی برآمد کرکے ٹیم کے حوالے کردی گئی

جمعرات 28 ستمبر 2017 13:26

جامشورو پولیس نے 19 سالہ طالبہ تانیہ خاصخیلی کے قتل کیس میں شریک ملزم ..
جامشورو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2017ء) جامشورو پولیس نے 19 سالہ طالبہ تانیہ خاصخیلی کے قتل کیس میں شریک ملزم کو گرفتار کرلیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جامشورو عرفان بہادر نے سانگھڑ سے علی نوحانی کی گرفتاری کی تصدیق کی۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ تانیہ کے قتل کے وقت علی نوحانی کیس کے مرکزی ملزم خان محمد عرف خان نوحانی کے ہمراہ تھا اور مقتولہ کے گھر کے باہر موٹر سائیکل پر خان نوحانی کا انتظار کر رہا تھا۔

علی نوحانی نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ خان نوحانی، تانیہ کا قتل کرنے اس کے گھر گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم نے اسے بتایا تھا کہ وہ تانیہ سے موبائل فون لینے اس کے گھر جارہا ہے ،ْایس ایس پی کا کہنا تھا کہ قتل کے بعد خان نوحانی اور علی موقع سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریک ملزم کو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سندھ آفتاب پٹھان کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیم کے حوالے کردیا گیاجبکہ دونوں ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی برآمد کرکے ٹیم کے حوالے کردی گئی ۔

یاد رہے کہ تانیہ خاصخیلی کو 7 ستمبر کو مبینہ طور پر خان نوحانی سے شادی سے انکار کے بعد سیہون کے قریب جھانگارا بجارا قصبے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔مقتولہ کے والدین نے پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا تھا کہ بااثر وڈیرے خان نوحانی اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھر میں گھسا اور ان کی بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ خان نوحانی ان پر تانیہ کا رشتہ دینے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا، جبکہ وہ اس سے انکار کرچکے تھے۔ان کا دعویٰ تھا کہ ماضی قریب میں مرکزی ملزم تانیہ کو دو بار اغوا کرنے کی کوشش بھی کرچکا تھا۔

متعلقہ عنوان :