سعودی سرمایہ کاری فنڈ جدہ میں جدید شہر کے ترقیاتی منصوبے پر کام کرے گا

10سال کے دوران 18 ارب ریال کی سرمایہ کاری، 36 ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے

جمعرات 28 ستمبر 2017 12:39

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2017ء) سعودی عرب کا سرکاری سرمایہ کاری فنڈ جدہ میں ساحل سمندر پر ایک نیا شہر بسانے کے منصوبے پر کام کرے گا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق اس منصوبے کے تحت رہائشی ، سیاحتی اور تجارتی مراکز تعمیر کئے جائیں گے اور پہلے سے موجود جگہوں اور عمارات کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔اس منصوبے کے تحت آئندہ 10 سال کے دوران 18 ارب سعودی ریال کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور اس سے 36 ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس منصوبے کا مقصد ایسا امتیازی اور پرکشش ماحول پیدا کرنا ہے جس کا مقصد جدہ کو دنیا کے ایک سو بڑے شہروں میں سے ایک بنانا ہے۔جدہ الجدید کے اس منصوبے میں تفریح گاہیں بنائی جائیں گی، ایسے خریداری اور تجارتی مراکز تعمیر کیے جائیں گے جہاں تک شہریوں اور زائرین کی با آسانی رسائی ہو۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت بارہ ہزار نئے مکانات یا رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے اور وہاں 58 ہزار نئے مکین قیام پذیر ہو سکیں گے۔

یہ شہری منصوبہ پچاس لاکھ مربع میٹر پر محیط ہوگا۔یہ 6 بڑے حصوں میں تقسیم ہوگا۔ان میں نئے مکانات ، نئے عجائب گھر ،ثقافتی ، سماجی اور کاروباری مراکز ، باغات ، تفریحی پارک ، کھیلوں کے میدان ، ہوٹل اور مہمان نوازی کے مراکز ،دکانیں اور ساحل سمندر پر لوگوں کے لیے سیر گاہیں شامل ہیں۔اس وقت اس منصوبے پر ابتدائی کام جاری ہے اور اس پر 2019ء میں تعمیراتی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔یہ منصوبہ سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے مطابق وضع کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :