بٹگرام میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی

جمعرات 28 ستمبر 2017 11:30

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2017ء) ضلع بٹگرام میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ ورکشاپ میں پی ٹی سی اور ایل ایس او ممبران کو تعلیم کے فروغ میں کردار ادا کرنے کیلئے تربیت دیدی گئی۔ ابتدائی مرحلہ میں بٹگرام کی آٹھ یونین کونسلوں کے اندر شعور آگاہی مہم کے تحت گھر گھر تعلیم سے محروم بچوں کے والدین کو علم کی اہمیت و افادیت کا پیغام پہنچایا جائے گا۔

شرح خواندگی بڑھانے میں پرائمری لیول کا تعلیم بنیادی جز ہے جن سکولوں کے اندر سہولیات کا فقدان ہے یا ٹیچرز ڈیوٹی نہیں کرتے، مقامی کمیونٹی آرٹیکل 25A کے تحت حکم بالا کو شکایت کریں، حکومت وقت کارروائی کی پابند ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار البخاری سنٹر میں شرح خواندگی کے حوالہ منعقدہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے حمیرہ حسین پروگرام منیجر آر ایس پی این، زبیر احمد ریجنل منیجر ایس آر ایس پی، صنم علی خان فوکل پرسن ایس آر ایس پی، بٹگرام پراجیکٹ کے انچارج کاشف خان نے سیشن دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پورے پاکستان باالخصوص پسماندہ علاقوں میں شرح خواندگی بڑھانے میں علاقائی مشران کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہم تب ہی ترقی یافتہ قوموں میں شمار ہوں گے جب یہاں پر تعلیم عام ہو گی۔