پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی سربراہی میں پی ٹی آئی لیبر ونگ کا اہم اجلاس ، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان اسٹیل ملز لیبر یونین کے عہدیدارا ن کی شرکت

موجود حکومت نے مزدوروں کے مسائل حل کرنے کے بجائے انکے حقوق کو غضب کیا ہے پورے ملک میں مزدور اپنے حقوق کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن کوئی ان کی فریاد سننے والا نہیں، اسد عمر

بدھ 27 ستمبر 2017 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی سربراہی میں پی ٹی آئی لیبر ونگ کا اہم اجلاس ہوا جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان اسٹیل ملز لیبر یونین کے عہدیدارا ن نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی کے بارے میں رہنمائوں کو آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمرکا کہنا تھا کہ موجود حکومت نے مزدوروں کے مسائل حل کرنے کے بجائے انکے حقوق کو غضب کیا ہے۔

سوئی سدرن گیس اور اسٹیل ملز کے افسران بالا انصاف لیبر یونین کے عہددیداران اور کارکنان کے خلاف انتقامی کاروائیاں بند کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں مزدور اپنے حقوق کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن کوئی ان کی فریاد سننے والا نہیں ۔

(جاری ہے)

آج متعدد سرکاری اداروں میں مزدوروں کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں جبکہ افسر شاہی اپنی تنخواہوں اور مراعات کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے رہنما سربلند خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسد عمر نے پی ٹی آئی لیبر ونگ کی اداروں میں کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ عہدیداران اور کارکنان اپنے متعلقہ اداروں میں لیبر یونین کو مزید فعال بنائیں اور مزدوروں کے حقوق کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔اس موقع پر رہنمائوں اور عہدیداران نے گزشتہ دنوں کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری کی فیکٹری میں واٹر ٹینک میں گر کر مزدوروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات بلندی اور لواحقین کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے رہنما سربلند خان کا کہنا تھا کہ حکومت فیکٹری مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائے اور جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کرے۔