بلوچستان ترقی اورخیبرپختونخوا امن کے گیٹ وے ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری

ایسی ترقی کا کوئی فائدہ نہیں جس سے غریب محروم ہو،پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کی بلوچستان کے رہنمائوںسے گفتگو نواز شریف نے کلبھوشن کے خلاف آواز نہ اٹھا کر دل آزاری کی ،رہنما بلوچستان بلوچستان کے محب وطن عوام افواج پاکستان سے مل کر ہر قسم کی سازشوں کا قلع قمع کرینگے ،رہنما

بدھ 27 ستمبر 2017 22:39

بلوچستان ترقی اورخیبرپختونخوا امن  کے گیٹ وے ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ بلوچستان ترقی اور خیبر پختونخواہ امن کاگیٹ وے ہے۔ ہمیں وہ ترقی نہیں چاہیے جس کے ثمرات سے غریب عوام محروم ہوں۔دونوں صوبوں کے عوام پاکستان کے استحکام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کو تعلیمی اور فلاحی منصوبوں میں بلوچستان کو اولیت دینے کی ہدایت کر رکھی ہے ۔

بدھ کو اسلام آباد میڈیا سیل سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ سے ا ٓئے ہوئے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سنیئر رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ گزشتہ 30سال میں جس جماعت نے بھی وفاق میں حکومت بنائی اس نے چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا۔

(جاری ہے)

جھوٹے وعدوں سے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے عوام کے حالات نہیں بدلیں گے۔اجلاس میں سید حبیب اللہ شاہ،شیخ عبد اللہ گنڈا پور،ضیاء الرحمن خان،تنویر احمد،اویس احمد ایڈووکیٹ،پرویز حسین،حاجی شوکت حیات،عزیز اللہ محسود،ولی اکبر خان،بادشاہ حسین،سید محمد اسماعیل شامل تھے۔بلوچستان اور خیبرپختونخواہ سے آئے ہوئے رہنمائوں کو سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور تحریک منہاج القرآن کی طرف نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم نے خوش آمدیدکہا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کے بنیادی مسائل امن ،تعلیم،تحفظ اور صاف پانی ہیںاگرچہ پورا پاکستان ان مسائل کا شکار ہے لیکن بلوچستان میں یہ مسائل شدت کے ساتھ موجود ہیں۔سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کو بلوچستان میں تعلیمی اور فلاحی منصوبہ جات میں فوقیت دینے کی ہدایت کی ہے۔بلوچستان کے عوام کا پاکستان پر سب سے زیادہ حق ہے ،یہی وہ صوبہ ہے جس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے ساتھ غیر مشروط عہد وفا نبھایا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ تمام تر نا انصافیوں اور امتیازی رویوں کے باوجود دونوں صوبوں کے عوام نے ہر نازک موقع پر پاکستان سے محبت کا حق ادا کیا۔بلوچستان کے رہنما سید حبیب اللہ شاہ نے کہا کہ جب بھی ن لیگ بر سر اقتدار آتی ہے ہماری محرومیاں بڑھ جاتی ہیں ہمیں بیانات اور میگا پروجیکٹس کی افتتاحی تختیوں سے بہلانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔

بلوچستان کے عوام میں شدید اشتعال ہے کہ بلوچستان کے اندر دہشتگردی کا نیٹ ورک چلانے والے کلبھوشن کے خلاف نواز شریف نے عالمی سطح پر آواز کیوں نہیں اٹھائی انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں بلوچستان کے ساتھ نا انصافی پر نواز شریف قانون قدرت کی گرفت میںآئے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک سازش کے تحت فساد برپا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،انشا اللہ تعالیٰ بلوچستان کے محب وطن عوام افواج پاکستان سے مل کر ہر قسم کی داخلی و خارجی سازشوں کا قلع قمع کرینگے۔