پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی ازبکستان کے وزیر دفاع میجر اور نائب وزیر دفاع سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور، خطے کے حالات بشمول افغانستان کی ابتر صورتحال اور اس کے ہمسایہ ممالک پر اثرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ازبک قیادت کی پاک فضائیہ کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار کی تعریف ، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار

بدھ 27 ستمبر 2017 21:07

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی ازبکستان کے وزیر دفاع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2017ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ازبکستان کے وزیر دفاع میجر جنرل عبدالسلام عزیزوف اور نائب وزیر دفاع میجر جنرل اے برہانوف سے وزارتِ دفاع (تاشقند) میں ملاقات کی ۔ پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کے حالات بشمول افغانستان کی ابتر صورتحال اور اس کے ہمسایہ ممالک پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ازبک قیادت نے پاک فضائیہ کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار کو سراہا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے خود انحصاری کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لی۔ائیر چیف نے ازبکستان ائیر فورس کی صلاحیت میں اضافے کے لیے کئی مختلف اقدامات کی پیشکش کی۔ انہوں نے ازبکستان کو پاک فضائیہ کے تربیتی اداروں میں فوجی اور ہوابازی کی تربیت کے علاوہ تحقیق اور ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں بھی تعاون کی پیشکش کی۔انہوں نے اپنے ہم منصب کو پاکستان میں ہوابازی کی دستیاب سہولیات کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ بعد ازاں ائیر چیف نے ایک آپریشنل بیس کا دورہ بھی کیا اور وہاں آپریشنل تیاریوں اور افراد کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو سراہا۔