’عالمی فریڈم فلوٹیلا الائنس‘ کا ایک بار پھر غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

عالمی برادری غزہ کے عوام کی غیرقانونی ناکہ بندی ختم کرانے کیلئے موثر کوششیں کرے،بیان

بدھ 27 ستمبر 2017 14:05

’عالمی فریڈم فلوٹیلا الائنس‘ کا ایک بار پھر غزہ کا محاصرہ ختم کرنے ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2017ء) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کیلئے سرگرم ’عالمی فریڈم فلوٹیلا الائنس‘ نے ایک بار پھر غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے امدادی اداروں پر مشتمل ’فریڈم فلوٹیلا الائنس‘ نے ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کے عوام کی غیرقانونی ناکہ بندی ختم کرانے کیلئے موثر کوششیں کرے۔

فلوٹیلا الائنس کی طرف سے غزہ کی پٹی کے ماہی گیروں کو مچھلیوں کے شکار کیلئے آلات اور مالی امداد فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا اتحاد عالمی اور فلسطینی تنظیموں کیساتھ مل کر غزہ کی پٹی کے محصورین کی مدد کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں غزہ کے ماہی گیروں کی امداد کیلئے ایک امدادی پیکیج تیار کیا جا رہا ہے جس میں ماہی گیروں کے خاندانوں کو خوراک کی فراہمی اور ماہی گیری کے لیے آلات فراہم کرنا شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں غزہ کے دو سو ماہی گیروں میں مچھلیاں پکڑنے کی جالیاں، پیراکی کے لباس اور کشتیوں کیلئے لائٹس تقسیم کی گئی ہیں۔بیان میں کہا گیاہے کہ فریڈم فلوٹیلا اتحاد کے بنیادی اہداف سیاسی ہیں مگر یہ تنظیم غزہ کی پٹی کے محصورین کی انسانی بنیادوں پر مدد کرتے ہوئے غزہ کے دو ملین سے زائد محصورین کو ناکہ بندی سے نجات دلانے اور ان کی ہرممکن مدد فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :