سابق برطانوی گورنر کی بیٹی سیاستدان کی بجائے ایکٹر بن گئی

اداکارہ ایلس بالی ووڈ اداکار عامر خان کی فلم میں جلوہ گر ہوئیں تھی جس کے بعد غائب ہو گئیں اداکارہ نے اپنی شناخت کو نہیں چھوڑا، وہ آج بھی لندن کے تھیٹر سے وابستہ ہیں اورایک منجھی ہوئی ایکٹرہیں

بدھ 27 ستمبر 2017 12:00

سابق برطانوی گورنر کی بیٹی سیاستدان کی بجائے ایکٹر بن گئی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2017ء) اداکارہ ایلس پیٹن مشہور سیاستدان اور ہانگ کانگ میں آخری برطانوی گورنر کرس پیٹن کی صاحبزادی ہیں، اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاستدان بننے کی بجائے انہوں نے ایکٹر بننے کو ترجیح دی۔بالی ووڈ کی فلم رنگ دے بسنتی کا شمار عامر خان کی کامیاب ترین فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم میں ان کی ہیروئن کوئی بالی ووڈ اداکارہ نہیں بلکہ برطانوی اداکارہ ایلس پیٹن تھیں جن کی جاندار کردار نگاری نے فلم بینوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیا تھا، تاہم یہ گوری ہیروئن بھی دیگر غیر ملکی اداکاروں کی طرح بالی ووڈ کی کسی اور فلم میں دکھائی نہ دے سکیں۔

ایلس پٹین کی پیدائش 28 اگست 1980ء کو ہانگ کانگ میں ہوئی۔ ایلس مشہور برطانوی سیاستدان کرس پیٹن کی صاحبزادی ہیں جو ہانگ کانگ میں برطانیہ کے آخری گورنر تھے۔

(جاری ہے)

ایلس پیٹن نے اپنی ابتدائی تعلیم ہانگ کانگ میں ہی حاصل کی لیکن والدین کے برطانیہ منتقل ہونے کے بعد وہ ان کے ساتھ چلی آئیں اور کیمرج سے اپنی باقی تعلیم مکمل کی۔ایلس پیٹن نے اداکاری کی ابتدا جوناتھن کریک سے کی جس میں انہوں نے گلیان بیلی کا کردار بہت خوبی سے نبھایا تھا۔

اس کے بعد وہ بہت عرصہ تھیٹر سے وابستہ رہیں جو ان کی اصل پہچان بنا۔ 2006ء میں ایلس پٹین کو اس وقت بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی جب انہوں نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ بلاک بسٹر فلم رنگ دے بسنتی میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ایلس پٹین صرف ایک بالی ووڈ فلم میں اپنا چہرہ دکھا کر ہندی سنیما کی سکرین سے تو غائب ہو گئیں لیکن اپنی شناخت کو نہیں چھوڑا، وہ آج بھی لندن کے تھیٹر سے وابستہ ہیں اور ان کا شمار منجھے ہوئے ایکٹرز میں ہوتا ہے۔