سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف مقدمات سے گھبرانے والے نہیں، وہ نیب میں پیشی کے لئے لندن سے آئے ہیں، کیسز سے نمٹنا ان کے لئے نئی بات نہیں،وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 27 ستمبر 2017 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف آج جتنے بھی کیس ہیں وہ سارے کے سارے مشرف دور کے ہیں نواز شریف کیسز سے گھبرانے والے نہیں وہ نیب میں پیشی کے لئے لندن سے آئے ہیں کیسز سے نمٹنا ان کے لئے نئی بات نہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے گزشتہ ادوار میں بھی کئی کیسز کا سامنا کیا ، اسے جہاز کی سیٹوں سے زبردستی باندھ کر ملک بدر کیا گیا ، اور جھوٹے مقدمے بنا کر 14ماہ کے لئے جیل میں قید کیا گیا مگر یاد رکھنا چاہئے کہ اس طرز عمل سے کسی بھی لیڈر کی سیا ست کو ختم نہیں کیا جا سکتا ، ان کا کہنا تھا کہ ہم پر کوئی کیسز نہیں مگر ہمیں سزا مل گئی ، آمر مشرف کے دور میں بھی ایسے حالات سے گزرنا پڑا تھا مگر آج ہم پاکستان مین ہیں اور آمر مفرور ہے ،ایک سوال کے جواب مین مشاہد اللہ نے کہا ہمارے خلاف احتساب عدالت میں جھوٹے کیسز ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان مین جمہوریت گھٹنوں کے بل ہے مگر اب تیزی سے مضبوطی کی طرف گامزن ہے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ جوں ہی بیگم کلثوم نواز شریف کی طیعت میں بہتری آئیگی مریم نواز شریف سمیت سب وطن واپس آئینگے۔