سندھ حکومت اپنی عوام کو وسیع روزگار کے مواقع فراہم کرتی رہے گی،سہیل انور خان سیال

منگل 26 ستمبر 2017 23:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) سہیل انور خان سیال نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اپنے ان مرحوم ملازمین کے ورثا میں نوکریوں کے تقرری نامے تقسیم کررہی ہے جنہوں نے اپنی زندگی کا اہم حصہ محکمے میں عوامی خدمت کے لئے وقف کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق محکمہ زراعت سندھ کے زیر اہتمام زراعت کے مرحوم ملازمین کے ورثاء میں تقرری ناموں کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں صوبائی وزیرزراعت سہیل انور خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری ایگریکلچر،ڈی جی ایکسٹینشن،ڈی جی مانیٹرنگ، ڈی جی انجینئرنگ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت زراعت کا قلمدان سنبھالتے ہی محکمہ جاتی سطح پر میرٹ اہلیت اورقابلیت میری اولین ترجیحات رہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمے کے ملازمین کی فلاح وبہبودکے عمل میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ہرقدم پر بھرپور ساتھ اور تعاون بھی لائق ستائش وتحسین ہے ۔

سہیل انور خان سیال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت کا یہ اعزاز ہے کہ اس کو جب بھی عوام کی خدمت کا موقع ملا اس نے روزگار و معاش کے دروازے اپنے ملک کی عوام کے لئے بلا کسی امتیاز کھولے اور میرٹ کو فوقیت دی یہی وجہ ہے کہ سندھ اور پورے ملک کی عوام کے دلوں میں بی بی شہید اور ان کی جماعت کی محبت پنہاں ہے ۔صوبائی وزیر زراعت نے تقرری نامے حاصل کرنے والے ملازمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ تفویض کردہ ذمہ داریوں اور فرائض کوعوامی خدمت سمجھ کر انجام دیں تاکہ آپ لوگوں کی خدمات سے چھوٹے کاشتکار مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے کہا حکومت سندھ ہمیشہ لوگوں کی بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کو اپنی تمام تر ترجیحات میں شامل رکھے گی۔قبل اذیں سیکریٹری زراعت سندھ ساجد جمال ابڑو نے تقریب سے خطاب کے دوران بتایا کہ محکمہ زراعت سندھ کے مختلف شعبہ جات کے لئے 96مرحوم ملازمین کے ورثاء میں تقرری نامے تقسیم کئے جارہے ہیں علاوہ اذیں اس سے قبل مرحوم ملازمین کے 66ورثاء کو پہلے ہی محکمہ زراعت تقرری نامے جاری کرچکا ہے جبکہ مجموعی طور پرابتک 162 ورثاء میں نوکریوں کے تقرری نامے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :