خیرپور میں عزاداروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا، ملک بھر سے عزاداران امام حسین خیرپور پہنچنا شروع ہوگئے

منگل 26 ستمبر 2017 23:31

سکھر۔26ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء)حضرت امام حسین ؓ اور ساتھی شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خیرپور میں عزاداروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق کراچی حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر سے عزاداران امام حسین خیرپور پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، محرم الحرام کی پانچویں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امام بارگاہ قصر حسینی، مرکزی امام لقمان میں مولانا سید باقر حسین زیدی نے کہا کہ عزاداری امام حسین کے ذریعے واحدانیت کو فروغ دیتے ہیں جو امن کی نشانی ہے محرم ہم آہنگی، بھائی چارے، یگانگت اور ظالم کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا نام ہے حضرت امام حسینؓ نے عظیم قربانی دے کر دین محمدی ؐ کو بچایا ۔

(جاری ہے)

امام بارگاہ فیض حسینی ، امام بارگاہ اصغریہ لقمان میں مولانا سید قمبر علی شاہ ، مولانا منظور حسین سولنگی نے کہا کہ سیرت امام حسین ؓ عمل پیرا ہوکر معاشرے سے سماجی برائیوں کو خاتمہ کیا جاسکتا ہے، آج افکار حسینؓ پر عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے۔امام بارگاہ قصر زینب ثانی زہرامیں مولانا ایاز قمی ،مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری،امام بارگاہ محبان حیدری میں مولانا نثار احمد مجلسی، امام بارگاہ دبیر حسین، امام بارگاہ شوکت صاحب، امام بارگاہ محبان حیدری، امام جعفریہ،امام بارگاہ رضویہ، امام بارگاہ بھرگڑی ، امام بارگاہ سجادیہ اور دیگر میںمولانا حسن رضا قمی، مولانا نثار علی دھاریجو،مولانا سید محسن عباس کاظمی، مولانا انصار ثقلین، علامہ مستجاب حیدر عابدی، مولانا شاہد حسین مغل، مولانا منیر حسین حسینی اور دیگر نے مجالس سے خطاب کیا اور کربلا کے کمسن شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

اس موقع پر سوزخوانی سید عابد حسین ہاتف الوری، سید عاطف زیدی، سید غلام عباس ، سید بادشاہ حسین شاہ اور دیگر نے کی ۔