گورنر بلوچستان محمود خان اچکزئی کے اعزاز میں رکن یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم کا ظہرانہ، دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف عناصر کی طرف سے بلوچستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ پر تبادلہ خیال

منگل 26 ستمبر 2017 23:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) رکن یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے گورنر محمود خان اچکزئی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر یورپی یونین اور پاکستان سے متعلق ایشوز پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کریم جوکہ یورپی پارلیمنٹ فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئرمین ہیں،ظہرانے میں رکن یورپی پارلیمنٹ چارلس ٹونک،رکن یورپی پارلیمنٹ ایڈرج میمکینز اور یورپی یونین میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف عناصر کی طرف سے بلوچستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،ظہرانہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کریم نے کہا کہ ہم گورنر اچکزئی کو یورپی پارلیمنٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں یہ بڑی حوصلہ افزا بات ہے کہ بلوچستان کے نمائندے عالمی برادری اور قانون سازوں سے براہ راست مل رہے ہیں۔