نواز شریف خود ایک آمر رہے ہیں اس لئے ان کی زبان سے جمہوریت کی بات اچھی نہیں لگتی، سید ناصر حسین شاہ

سابق وزیر اعظم آنکھیں دکھا کر ڈیل کرنا چاہتے ہیں، سندھ کے وزیر اطلاعات کا نواز شریف کی پریس کانفرنس پرردعمل

منگل 26 ستمبر 2017 23:01

نواز شریف خود ایک آمر رہے ہیں اس لئے ان کی زبان سے جمہوریت کی بات اچھی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم آنکھیں دکھا کر ڈیل کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالت پر آج پھر حملہ ہوا ہے لیکن لاہور کا لاڈلہ ہے سوبات درگزر ہو جائے گی۔

ناصر شاہ نے کہا کہ نواز شریف خود ایک آمر رہے ہیں اس لئے ان کی زبان سے جمہوریت کی بات اچھی نہیں لگتی۔ناصر شاہ نے کہا کہ بیس کروڑ عوام کو چھوڑ کر جدہ جانے والا شخص کس منہ سے جدوجہد کا راگ الاپ رہا ہے۔ نواز شریف یہ بتائیں کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیے گئے اقدامات پراب وہ کیا کہتے ہیں ناصر شاہ نے کہا کہ ملک آئین کے تحت ہی چل رہا ہے میاں صاحب اسے ذاتی جاگیر بنانے چاہتے تھے،شریف برادران کی ساری جہدوجہد اپنے پیٹ اور کاروبار کے لیے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پچھلے دروازے سے ڈیل کرنے کے ماہر ہیں،90 کی دہائی میں عدالت پر حملے کے بعد بھی ایک شخض کا وزیر اعظم بننا معجزہ تھا۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی ہٹ دھرمی کے پیچھے مودی کے مشورے ہیں،ماضی میں شریف برادران ججز کو ہدایت دیتے رہے ہیں۔ نااہلی کا تمغہ سینے پر سجائے نواز شریف عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ طالبان سے ڈیل کرنے والے آج شدت پسندی کے خلاف جنگ کا بھی کریڈٹ لینا چاہتے ہیں۔ اسامہ سے پیسے لے کر بی بی شہید کی حکومت ختم کرنے والے آج کس منہ سے جمہوریت کی بات کررہے ہیں۔سندھ کے وزیر اطلاعات نے میاں صاحب کو مشورہ دیا کہ اب اداکاری کا وقت گزرچکا ہے اس لئے وہ شور شرابہ کرنا بند کردیں۔