ہزاروں میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل، ملک پر چھائے اندھیرے ختم ہونے کا وقت آ گیا ،شہبازشریف

توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ہماری حکومت کا سنہری کارنامہ، محنت ،امانت او رجہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے‘سابق حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت سے ملک اندھیروں میں ڈوبا رہا،عوام کی مشکلات بڑھانے والوں کوعوامی عدالت میں جواب دینا پڑیگا‘ توانائی منصوبے ملک کی ترقی وخوشحالی کے ضامن ہیں جن سے عوام کو فائدہ ہوگا ، لندن میں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو

منگل 26 ستمبر 2017 23:00

ہزاروں میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل، ملک پر چھائے اندھیرے ختم ہونے کا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے گزشتہ کئی برس سے پاکستان پر چھائے اندھیرے ختم ہونے کا وقت آ گیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شب و روز کی محنت رنگ لائی ہے اور یہ موجودہ حکومت کی کاوشوں کا ثمر ہے کہ سسٹم میں ہزاروں میگا واٹ بجلی شامل ہوچکی ہے اور پاکستان میں لوڈشیڈنگ بہت حد تک ختم ہوچکی ہے۔

ساہیوال کول پاور پلانٹ سے 1320میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہورہی ہے جبکہ گیس کی بنیاد پر 3600 میگاواٹ کے پاورپلانٹس ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں ، اسی طرح قائداعظم سولر پارک بہاولپو ر میں 400 میگا واٹ سولر کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ پنجاب حکومت نے توانائی کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر 1200میگا وا ٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

گیس سے بجلی کے حصول کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت ،امانت،شفافیت ،دیانت او رجہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور اس حوالے سے کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3600میگاواٹ کے گیس منصوبوں میں غریب قوم کے 168ارب روپے بچائے گئے ہیں او رپاکستان کی تاریخ میں ترقیاتی منصوبوں میں بچت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ توانائی منصوبے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں جن سے کروڑوں عوام کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔

سابق حکمرانوںنے قومی وسائل پر اپنا ہاتھ تو ضرور صاف کیا لیکن بجلی بحران پر کوئی توجہ نہ دی۔ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں نے پاکستان کو کنگال او رمعیشت کو بدحال کیا۔ ایک گروپ نے ملک میں اندھیرے پھیلائے تو دوسرے گروپ نے ان اندھیروں کو دور کرنے کی کاوشوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ عوام کی مشکلات بڑھانے والوں کوعوام کی عدالت میں جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں مختلف شعبوں میںاربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور 36ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری صرف توانائی کے منصوبوں میں کی گئی ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں۔ سی پیک ایک ایسا معاشی منصوبہ ہے جس سے خطے کے تمام ممالک استفادہ کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :