ایم کیو ایم اورپی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کواپوزیشن لیڈربنانے پرمتفق

پی ٹی آئی اورایم کیوایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے کا فیصلہ ایم کیوایم پاکستان شاہ محمود قریشی کو نیا اپوزیشن لیڈر بنانے میں مدد کرے، اسد عمر

منگل 26 ستمبر 2017 22:38

ایم کیو ایم اورپی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کواپوزیشن لیڈربنانے پرمتفق
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا اصولی فیصلہ کرلیاہے، شاہ محمود قریشی کو نیا قائد حزب اختلاف منتخب کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق منگل کوپاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کاوفد ایم کیوایم مرکزبہادرآباد پہنچا۔

ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنمائوں نے وفد کا استقبال کیا۔ پی ٹی آئی کے وفد میں اسدعمر، عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی اور دیگر شامل تھے۔دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نئے نام اور سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف مضبوط اپوزیشن بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی اورایم کیوایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کیلئے دیگرجماعتوں سے بھی رابطے کئے جائیں گے اور بہت جلد موجودہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے خلاف ایوان میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں شاہ محمود قریشی کو نیااپوزیشن لیڈر بنانے پرآمادگی کا اظہار کیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان شاہ محمود قریشی کو نیا اپوزیشن لیڈر بنانے میں مدد کرے۔ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، امین الحق، کامران ٹیسوری، وسیم اختر کنور نوید جمیل، خالدمقبول صدیقی اورعلی رضاعابدی شامل تھے۔