میڈیا کی آزادی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ کو ملاقات میں یقین دہانی ، وزیر مملکت داخلہ کو دوبارہ صحافیوں پر تشد د کے واقعات رونما ہونے سے روکنے کی ہدایت

منگل 26 ستمبر 2017 22:32

میڈیا کی آزادی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے منگل کو پنجاب ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے سابق وزیراعظم کو جوڈیشل کمپلیکس میں سیکورٹی گارڈز کے نجی ٹی وی کے رپوٹرز عامر عباسی اور شاہ خالد پر تشدد کے معاملہ سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ ملک میں میڈیا کی آزادی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

نواز شریف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ انہوں نے طلال چوہدری سے کہا کہ نیب عدالتوں میں حاضری کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر منصوبہ تیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم پریس کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں اور ہم نے گزشتہ چار سالوں میں اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔

سیکیورٹی گارڈز نے عامر عباسی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگئے۔سیکیورٹی گارڈز نے صحافیوں کے موبائل فون بھی چھین لیے ہیں۔یہ واقعہ جوڈیشل کمپلیکس میں سابق وزیر اعظم کی احتساب عدالت میں پیشی کے وقت پیش آیا۔ واقعہ کے فورا بعد پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور آر آئی یو جے صدر مبارک زیب خان نے جی 11 کے رمنا پولیس سٹیشن میں واقعہ کی رپورٹ درج کرائی ۔

متعلقہ عنوان :