ستائیس سال بعد آئندہ ماہ میرا بھیگوال پولی ٹیکنیک کالج میں تربیتی کلاسوں کا اجرا کر دیا جائے گا ، پولی ٹیکنیک کالج میں وزارت کیڈ اور وزارت مواصلات کے تعمیراتی ٹیکنالوجی تربیتی ادارے کے تعاون سے تربیتی کورس کرائے جائیں گے، وزیر سے کالج کے باقاعدہ افتتاح کیلئے وقت کی درخواست کریں گے

وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی وزیر مملکت برائے مواصلات جنید انوار سے ملاقات میں گفتگو

منگل 26 ستمبر 2017 22:27

ستائیس سال بعد آئندہ ماہ میرا بھیگوال پولی ٹیکنیک کالج میں تربیتی کلاسوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ستائیس سال بعد آئندہ ماہ میرا بھیگوال پولی ٹیکنیک کالج میں تربیتی کلاسوں کا اجرا کر دیا جائے گا۔ پولی ٹیکنیک کالج میں وزارت کیڈ اور وزارت مواصلات کے تعمیراتی ٹیکنالوجی تربیتی ادارے (سی ٹی ٹی آئی) کے تعاون سے تربیتی کورس کرائے جائیں گے ۔

سی ٹی ٹی آئی کو تیکنیکی تربیتی کورس کرانے کا وسیع تجربہ ہے اور اس کے تربیت یافتہ ڈپلومہ اور سرٹیفیکیٹ ہولڈر ملک کے طول و عرض میں اعلی تیکنیکی عہدوں پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیر مملکت برائے مواصلات جنید انوار سے ملاقات کی اور انھیں سی ٹی ٹی آئی کی طرز پر میر ا بھیگوال کالج کو چلانے کی تجویز پیش کی ۔

(جاری ہے)

سی ٹی ٹی آئی کے ڈائریکٹر اور ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیر کیڈ کے ہمراہ کالج کا دورہ کیا اور باہمی مشاورت سے کالج کو آئندہ ماہ اکتوبر میں چلانیکا فیصلہ کیا ۔کالج میں پہلے مرحلے میں سول ، الیکٹریکل اور کمپیوٹر کے تین سالہ کورسز شروع کیئے جائیں گے جبکہ اگلے سال مکینیکل اور دیگر کورسز کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ پہلے سال کورسز کے تمام انتظامات سی ٹی ٹی آئی اور ایف ڈبلیو او کرے گی جبکہ آئندہ مالی سال سے وزارت کیڈ وفاقی بجٹ سے ادارے کیلئے فنڈ حاصل کرے گی ۔

تفصیلات کے مطابق تیکنیکی کالج مختلف وجوہات کی بنا پر ستائیس سال کلاسوں کا آغاز نہ کر سکا، چند سال قبل ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بطور حلقہ ایم این اے ذاتی دلچسپی لے کر اس ادارے کو فعال کرنے کی کوشش کی تاکہ ایک قومی اثاثہ ضائع نہ ہو اور اس زیادہ سے زیادہ طالب علم فائدہ اٹھا سکیں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی کوششوں کی بدولت وزارت کیڈ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایک ایم او یو پر دستخط کئیے لیکن اس ایم او یو کے باوجود علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مختلف انتظامی اور مالی مشکلات کی بنا پر تربیتی کو رسز کا اجرا نہ کر سکی۔

وزارت کیڈ آئندہ چند روز میں وزارت موا صلات کے ساتھ میرا بھیگوال پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ میں تربیتی کورسز کے اجرا کیلئے ایم او یو پر دستخط کرے گی جس کے تحت سی ٹی ٹی آئی جو کہ ایف ڈبلیو او کے تحت چلنے والا ادارہ ہے ، میرا بھیگوال میں آئندہ ماہ کلاسیں شروع کر دے گا۔ دونوں وزارتوں میں طے شدہ معاملات کے مطابق تربیتی کورسز میں علاقے کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر داخلہ دیا جائے گا۔

میرا بھیگوال تربیتی ادارے میں کلاسوں کے اجرا سے سی پیک میں پیدا ہونے والے پیشہ ورانہ مواقعوں کیلئے تیکنیکی افرادی قوت تیار کرنے میں مدد ملے ۔وزیر مملکت برائے کیڈ نے اہلیان میرا بھیگوال ، پنڈ بھیگوال ، پھلگراں اور تمام اہلیان اسلام آباد کو مبارکباد پیش کی کہ ستائیس سال بعد میرا بھیگوال تربیتی کالج فعال بنایا جارہا ہے جس سے علاقے کے بچوں کو بہت بڑی سہولت میسر ہو گی ۔

ادارے میں شام کی کلاسوں میں شارٹ ٹیکنیکل کورسز کرائے جائیں گے ۔ وزیر کیڈ نے وزیر مملکت برائے مواصلات ، سی ٹی ٹی آئی کی انتظامیہ اور ڈی جی ایف ڈبلیو او کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری آئندہ ماہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے کالج کے باقاعدہ افتتاح کیلئے وقت کی درخواست کریں گے۔

متعلقہ عنوان :