اے این پی جمہوریت کی بقاء پر یقین رکھتی ہے مرکزی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو ان کی مقررہ معیاد پوری کرنی چاہئے، اسفند یار ولی

ہزار تحفظات کے باوجود خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ، جو ممبران اسمبلی اپنے حلقوں سے عوامی مینڈیٹ لے کر اسمبلیوں تک پہنچے ہیں ان کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جا نا چاہئے ، قبل از وقت انتخابات کا راگ الاپنا بند کر کے سب کو اپنا اپنا متعین کام کرنے کا موقع دیا جائے

منگل 26 ستمبر 2017 22:23

اے این پی جمہوریت کی بقاء پر یقین رکھتی ہے مرکزی حکومت سمیت تمام صوبائی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے عمران خان کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کو رد کرتے ہوئے اسے بے معنی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اے این پی جمہوریت کی بقاء پر یقین رکھتی ہے اور مرکزی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو ان کی مقررہ معیاد پوری کرنی چاہئے ، اپنے ایک بیان میں عمران خان کے مطالبے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہزار تحفظات کے باوجود خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا اور صوبائی حکومت کی جانب سے اے این پی کے خلاف بے بنیاد انتقامی کاروائیوں کے باوجود جمہوریت کی خاطر ہر مشکل کا سامنا کیا ، انہوں نے کہا کہ جو ممبران اسمبلی اپنے حلقوں سے عوامی مینڈیٹ لے کر اسمبلیوں تک پہنچے ہیں ان کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جا نا چاہئے ، اور قبل از وقت انتخابات کا راگ الاپنا بند کر کے سب کو اپنا اپنا متعین کام کرنے کا موقع دیا جائے ، انہوں نے کہا کہ جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو سب سے زیادہ نقصان ملک کو ہو گا جس کی قوم اب متحمل نہیں ہو سکتی،انہوں نے کہا کہ وقت سے پہلے الیکشن کی صورت میں صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت کے اپنی رخصتی سے قبل اعلان کردہ منصوبوںکا مستقبل کیا ہو گااسفندیار ولی خان نے کہا کہ ملک کی موجودہ اور بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں جمہوریت کے خلاف کسی اقدام کیلئے کوئی گنجائش نہیں اور ملک میں جمہوری عمل کا جاری رہنا سب کے مفاد میں ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی اس قسم کے کسی بھی مطالبے کی حمایت نہیں کرے گی اور الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں تاکہ بیرونی دنیا میں زیر گردش قومی بیانیہ کی سُبکی نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :