تمام وائس چانسلرز معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے بلاکسی خوف ،پسند و نا پسند کے آزادانہ طور پر کام کریں ،عمران خان

خیبر پختونخوا حکومت کسی کو بھی کسی معاملے میں ان پر سیاسی اثر و رسوخ ڈالنے کی اجازت نہیں دیگی،وائس چانسلر ز کی ذمہ داری ہے وہ اعلیٰ تعلیم میں سٹیٹس کو تبدیل کرتے ہوئے تخلیقی کلچر پروان چڑھانے کیلئے متاثر کن کردار ادا کریں، چیئرمین پی ٹی آئی

منگل 26 ستمبر 2017 21:54

تمام وائس چانسلرز معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے بلاکسی خوف ،پسند و نا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا کی سرکاری یونیورسٹیوں کے تمام وائس چانسلرزسے کہا ہے کہ وہ معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے بلاکسی خوف اور بلا کسی پسند و نا پسند کے آزادانہ طور پر کام کریں اور انہیں یقین دلایا ہے کہ پی ٹی آئی کی زیر قیادت حکومت خیبر پختونخوا کسی کو بھی کسی معاملے میں ان پر سیاسی اثر و رسوخ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب وائس چانسلر ز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم میں سٹیٹس کو تبدیل کرتے ہوئے تخلیقی کلچر پروان چڑھانے کیلئے متاثر کن کردار ادا کریں۔ وہ منگل کے روز اسلام آباد میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر،وزیر اعلی ٰکے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوااعظم خان اور سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وائس چانسلرزنے پی ٹی آئی چیئرمین کو اپنی متعلقہ یونیورسٹیوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور معیار دونوں کی بہتری کے لئے حکومتی اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا۔وائس چانسلرز نے یونیورسٹیوں میں میرٹ پر مبنی بھرتیوں کو سراہااور یقین دلایا کہ وہ صوبے میں تعلیم کے معیار کو ترقی یافتہ دنیاکے برابر لانے کے لئے کام کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم وائس چانسلرز کانفرنسوں کا انعقاد باقاعدگی سے کرے گا تاکہ یونیورسٹیوں کے مسائل اور مشکلات پر آزادانہ طور پر بحث اور غور و خوض کے بعد اتفاق رائے سے انکا حل نکالا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :