مجرم نے قومی اداروں کا تمسخر اڑا یا،پریس کانفرنس توہین عدالت ہے،ڈاکٹر طاہر القادری

نااہل شخص اپنی بےگناہی کے ثبوت احتساب عدالت میں دے،کیا احتساب عدالت میں آنے والے لٹیروں کویہی پروٹوکول ملتا ہے جونا اہل کو مل رہا ہے ؟سربراہ عوامی تحریک کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 26 ستمبر 2017 20:25

مجرم نے قومی اداروں کا تمسخر اڑا یا،پریس کانفرنس توہین عدالت ہے،ڈاکٹر ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26ستمبر2017ء ) : عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ایک مجرم قومی اداروں کا تمسخر اڑا رہا ہے ، اسے روکنا ہو گا ۔سپریم کورٹ کے خلاف لغویات کی انتہا ہو گئی ،انصاف کے ضامن ادارے کے خلاف نا اہل کی پریس کانفرنس توہین عدالت ہے ، کارروائی ہونی چاہیے ۔آج اگر اسے نظر انداز کیا گیا تو کل ہر سزا یافتہ مجرم زبان درازی کرے گا ۔

نا اہل ٹولہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور دشمنوں کے بیانیہ کو پروموٹ کرنے کی بجائے اپنی بے گناہی کے ثبوت احتساب عدالت میں دے ،انشا اللہ آخری فتح پاکستان ،اس کے عوام،انصاف اور قومی سلامتی کے اداروں کی ہو گی ۔وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ نا اہلی کے فیصلے سے پورے ملک میں ایک پتہ بھی نہیں ہلا جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی عوامی توثیق ہے۔

(جاری ہے)

جی ٹی روڈ پر سوائے درباریوں اور حواریوں کے کوئی نہیں تھا۔ نا اہل کا جی ٹی روڈ کا سفر پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک شرمناک باب ہے ،جسے آئندہ نسلیں عبرت کیلئے پڑھا کریں گی۔این اے 120 میں بھی لٹیروں کے خلاف اکثریتی ووٹ آئے۔والیم 10 اور جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کھلی تو ”مجھے کیوں نکالا“ کے سوال کا جواب لٹیروں کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو بھی مل جائے گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اشرافیہ آئین کو موم کی ناک سمجھتی ہے،یہ اپنے فائدے کیلئے قانون بناتے اور توڑتے ہیں۔ ایک نا اہل شخص کو پارٹی کا صدر بنانے کیلئے آئین کی روح کے خلاف سادہ اکثریت سے منظور ہونیوالی شق آئین کی روح کے خلاف ہے ۔امید ہے جب قانونی دہشتگردی کا یہ کیس سپریم کورٹ میں آئے گا تو ختم ہو جائے گا۔ لٹیروں کا ٹھکانہ اب صرف جیل ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ایک نا اہل شخص کو کس حیثیت میں پروٹوکول دے رہی ہے؟ اور ایک قومی مجرم پریس کانفرنسوں کیلئے کس حیثیت میں عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے چلنے والے پنجاب ہاؤس کا استعمال کر رہا ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایسا پروٹوکول لوٹ مار میں ملوث احتساب عدالت میں آنے والے ہر ملزم کو ملتا ہے جو نواز شریف کو مل رہا ہے ؟انہوں نے مزید کہا کہ ہم جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے پبلک ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔اشرافیہ کرپشن کیسز میں جیل جائیگی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پھندوں پر جھولے گی۔