حکومت سندھ عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، پاک سر زمین پارٹی

منگل 26 ستمبر 2017 20:22

حکومت سندھ عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، پاک سر زمین پارٹی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی سیکریٹری انفارمیشن افتخار عالم نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت سندھ عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، وزیر اعلی سندھ، وزیر بلدیات اور مقامی بلدیاتی نمائندے سیاسی بیانات کے بجائے اپنے کام پر توجہ دیں اور اپنے فرائض کی انجام دہی کریں جن کے عوض وہ عوام کے پیسوں سے تنخواہ لیتے ہیں اور حکومتی مراعات اور پروٹوکول کا بے جا استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کراچی سمیت ہر بڑا شہر، گاؤں اور دیہات کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ جس سے طرح طرح کے وبائی امراض جنم لے رہے ہیں۔ سندھ بھر میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، عوام صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، تعلیمی نظام اور ادارے مکمل طور پر تباہی کا شکار ہیں، حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے سندھ بھر میں غذائی قلت کے سبب سے بچے ذہنی و جسمانی کمزوریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عوام کے پیسوں پر حکومتی مراعات سے لطف اندوز ہونے والے حکومتی وزراء، مشیر اور بلدیاتی نمائندوں کا لشکر عوام کی خدمت کرنے اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ ہم ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی نمائندے اپنا قبلہ درست کریں اور تمام تر دستیاب وسائل کو نیک نیتی کے ساتھ بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ریاستی زمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں۔

متعلقہ عنوان :