سی ڈی اے کے 16 سابقہ افسران و ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج اورپینشن بند کرنے کے احکامات جاری ، ان افسران نے حلف نامہ جمع کروانے کے باوجود سرکاری رہائش گاہیں خالی نہیں کیں

منگل 26 ستمبر 2017 20:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نی16 سابقہ افسران و ملازمین کے خلاف ایف آئی آر کے انداراج اورپینشن بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ان 16 افسران و ملازمین نے مقررہ مدت میں حلف نامہ جمع کروانے کے باوجود سرکاری رہائش گاہیں خالی نہ کرنے پر جاری کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دو مختلف مراسلے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے محمد یاسر پیر زادہ نے کہا ہے کہ شفافیت اور اہلیت کی بنیاد پر سرکاری ملازموں کو گھروں کی الاٹمنٹ کے لیے سی ڈی اے بورڈ کی جانب سے منظورکی گئی حالیہ ہائوسنگ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد سی ڈی اے ملازمین کے لیے سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کو سہل اور شفاف بنانا ہے۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے کے مجاز حکام نے ان 16 افسران و ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد مقررہ مدت میں سرکاری گھر خالی کرنے کے حلفیہ اقرار نامے جمع کروانے کے بعد یہ سہولت استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔

حلفیہ اقرار نامہ کے مطابق یہ 16 افسران و ملازمین مقررہ مدت کے اختتام پر سرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے کے پابند تھے۔ جن سابق افسران و ملازمین کے خلاف ایف آر درج کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ان میں محمد فیاض سابق دفتری سٹرکچر ڈائریکٹوریٹ، رفاقت حسین سابق سب انجینئر سٹی سیوریج ڈویژن، محمد مسکین سابق کچن مکینک ای اینڈ ڈی ایم ڈویژن، گل کبیر سابق کلینر ڈی ایم اے، عباس مسیح سابق خاکروب مینٹینس III- ،ریاض احمد ایم پی او، مسمات نسرین کوثر سابق کلینر سینی ٹیشن، محمد عشرق سابق لفٹ آپریٹر مکینکل ڈویژن، بوٹا مسیح سابق کلینئر سینی ٹیشن، سعید اختر، یوسف مسیح سابق خاکروب مینٹی ننس ڈویژنIII- ، سبز علی سابق دفتری بی سی ایس، مسمات منور سلطانہ سابق آیا کیپٹل ہسپتال، قمر مسعود سابق سب اسسٹنٹ ایم پی او، قاری عزیز الرحمان سابق امام / موذن پارلیمنٹ ہائوس اور ضیاء الرحمان طور سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل فنانس شامل ہیں۔

متذکرہ بالا 16 افسران و ملازمین اپنے حلفیہ بیان نامہ پر یقین دہانی کی پاسداری میں ناکام رہتے ہوئے مقررہ رعایتی مدت میں سرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے سے قاصر رہے۔ نتیجتاً سی ڈی اے کی ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ نے ان افسران و ملازمین کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کروانے اور پینشن روکنے کے احکامات بذریعہ دو مختلف مراسلہ جات جاری کر دیئے ہیں۔

متذکرہ بالا دونوں مراسلہ جات ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کے دستخطوں سے جاری کیے گئے ہیں۔ ان 16 سابقہ افسران و ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے احکامات عملدرآمد کے لیے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سیکورٹی کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ان افسران اور ملازمین کی پینشن روکنے کے احکامات اکائونٹس آفیسر (پینشن)کو دے دیئے گئے ہیں۔ یہ احکامات ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :