چوہدری نثار کی نوازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت اور مسلسل دوسرے دن ملاقات کے بعد پارٹی قیادت سے اختلافات کی افواہیں دم توڑ گئیں

سینئر رہنمائوں نے نواز ، نثار ملاقاتوں اور اہم نیوز کانفرنس میں ساتھ بیٹھنے کو پارٹی کے اتحاد اور مضبوطی کیلئے اہم قراردے دیا صحافیوں نے سابق وزیراعظم کی پریس کانفرنس ختم ہونے پر چوہدری نثار کو گھیر لیا، سوالات کی بوچھاڑ، نثار کی نوازشریف کے ساتھ ملاقات میں گلے شکووں کی خبروں کی تردید آپ کو مسلم لیگ (ن) میں کوئی اہم کردار ملنے والا ہے ، صحافی کا سوال ، دیکھئے آگے ہوتا ہے کیا، چوہدری نثار کامسکرا کر جواب

منگل 26 ستمبر 2017 19:39

چوہدری نثار کی  نوازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت اور مسلسل دوسرے دن ..
ٓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اورسابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی سابق وزیراعظم نوازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت اور مسلسل دوسرے دن ملاقات کے بعد ان کے پارٹی قیادت سے اختلافات کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں اور پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے چوہدری نثار علی خان اور نوازشریف کے درمیان مسلسل دوسرے دن ملاقات اور اہم پریس کانفرنس میں ساتھ بیٹھنے کو پارٹی کے اتحاد اور مضبوطی کیلئے اہم قراردے دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد پنجاب ہائو س میں دوسرے دن بھی ملاقات کی جس میں پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چوہدری نثار علی خان کو خصوصی طور پر نوازشریف کی پریس کانفرنس کے موقع پر ان کے ساتھ والی نشست پر بٹھایا گیا تھا تاہم جب (ن) لیگ کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کو چوہدری نثار علی خان نے دیکھا تو انہیں نوازشریف کے ساتھ بٹھا دیا اور خود درمیان میں بیٹھ گئے جبکہ ان کے دائیں طرف وزیرخزانہ اسحاق ڈار بیٹھے ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

نوازشریف کی پریس کانفرنس شروع ہونے سے دو منٹ قبل چوہدری نثار علی خان ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر آصف کرمانی کیساتھ جب پریس کانفرنس کے ہال میں پہنچے تو پارٹی کے قائمقام صدر سردار یعقوب ناصر ، سینئر پارٹی رہنما سرانجام خان اور بیگم تہمینہ دولتانہ نے ان سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ نوازشریف کی پریس کانفرنس میں چوہدری نثار میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے ، جونہی نوازشریف پریس کانفرنس ختم کر کے گئے تو اخبار نویسوں نے چوہدری نثار علی خان کو گھیر لیا اور ان پر سوالات کی بوچھاڑ کردی ۔

ایک سوال پر چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ روز نوازشریف سے ان سے ہونے والی ملاقات میں نہ میری طرف سے کوئی گلہ شکوہ ہوا نہ انہوں نے کوئی گلہ شکوہ کیا اور اس حوالے سے میڈیا کے بعض دوستوں نے غلط رپورٹنگ کی ہے ، سیاسی اور قانونی امور پر بات چیت ہوئی ، میں نے بیگم کلثوم نواز کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ آپ کو مسلم لیگ (ن) میں کوئی اہم کردار ملنے والا ہے جس پر چوہدری نثار علی خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ دیکھئے آگے کیا ہوتا ہے کہہ کر اپنے کمرے میں چلے گئے ۔