لاہور چیمبر اور ٹیوٹا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور چیمبر اور ٹیوٹا کے درمیان اشتراک سے ہنرمند افرادی قوت کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی

منگل 26 ستمبر 2017 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد انڈسٹری کو ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنانا اور بالخصوص سیرامک سیکٹر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور ٹیوٹا کے چیئرمین عرفان قیصر شیخ نے اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی کی۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان، عرفان اقبال شیخ اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر عبدالباسط اور عرفان قیصر شیخ نے سیرامک ڈسپلے سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔ ٹیوٹا کے چیئرمین عرفان قیصر شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیوٹا تربیت حاصل کرنے والوں کی ملازمتوں پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی و غیرملکی کمپنیوں انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق نصاب مرتب کرکے ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ جی ڈی پی بڑھانے کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کا فروغ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے پہلے ہی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرچکے ہیں۔ لاہور چیمبر اور ٹیوٹا کے درمیان اشتراک سے ہنرمند افرادی قوت کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی جس سے صنعتی شعبے کو فائدہ ہوگا اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے ٹیوٹا کے تحت دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے لیے پالیسی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے ٹیوٹا کے سربراہ پر زور دیا کہ نئے کورسز اور سلیبس وضع کرنے کے عمل میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو شامل کریں۔ صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ ہنرنہ ہونے کی وجہ سے بیشتر نوجوان بے روزگاری سے دورچار ہیں لہٰذا ٹیوٹا صنعتی ضروریات کو مدّنظر رکھ کر کورس مرتب کریں۔

متعلقہ عنوان :