طارق روڈ پر واقع شاپنگ سینٹرز میں پارکنگ کو عوام کیلئے کھولا جائے،وزیراعلیٰ سندھ

دکاندار رات میں دکان بند کرنے کے بعد اپنا کچرا سڑک پر پھینک کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں ، طارق روڈ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفدسے گفتگو

منگل 26 ستمبر 2017 19:35

طارق روڈ پر واقع شاپنگ سینٹرز میں پارکنگ کو عوام کیلئے کھولا جائے،وزیراعلیٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طارق روڈ پر واقع شاپنگ سینٹرز میں پارکنگ کو عوام کے لئے کھولا جائے تاکہ لوگوں کو اپنی گاڑیوں کی پارکنگ میں آسانی ہو اور وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی نہ کر یں کیونکہ اس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو طارق روڈ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اسلم بھٹی کی رہنمائی میں ایک وفد سے وزیراعلی ہاس میں ملاقات کے موقع پر کہی ۔

وفد میں صدر اسلم بھٹی ، محمد اسد توفیق ، جنرل سیکریٹری فواد خان، پریس سیکریٹری ہارون اظفر، نائب صدر بلاک-بی محمد عظیم، نائب صدر بلاک-ڈی ظفر اقبال، نائب صدر بلاک- اے محمد محمود سمیت وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں طارق روڈ پر ٹریفک کی موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے اور ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والی تجاوزات کو ہٹانے، شاپنگ سینٹرز کی پارکنگ کھلوانے سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ طارق روڈ پر واقع کچھ شاپنگ سینٹرز پارکنگ ہوتے ہوئے بھی اسے عوا م الناس کے لیے نہیں کھولا جارہا ہے۔ انہوں نیوفد کو پارکنگ کھلوانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایات کیں کہ ہم نے طارق روڈ کو تعمیر کیا ہے لیکن اب اس کی دیکھ بھال اورسنبھالنا آپ کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار رات میں دکان بند کرنے کے بعد اپنا کچرا سڑک پر پھینک کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں جوکہ باعث تشویش عمل ہے۔

جس پر ایسوسی ایشن کے وفد نے تمام دکانداروں کی جانب سے کچرا سڑک پر نہ پھینکنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ انہیں خالد بن ولید روڈ پر شورومز کے باہر سڑک پر دوبارہ گاڑیاں کھڑی کرنے کی شکایات ملی ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت کی کہ شورومز کے باہر گاڑیوں کی پارکنگ نہ کرنے کے احکامات پر سختی سے عمل کیاجائے کیونکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے باعث ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا ہے لہذا اس مسئلہ کا فوری تدارک ضروری ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو شہر میں قبرستانوں کی جانب جانے والے راستوں سے تجاوزات ہٹانے کے بھی احکامات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :