ترقیاتی منصوبوں میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں، کمشنر مردان

بے نظیر چلڈرن ہسپتال،باچا خان میڈیکل،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ،رنگ روڈز ،بائیزی ایرگیشن سکیم جوڈیشل کمپلیکس اور فلائی اوورز پرکام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کر دی

منگل 26 ستمبر 2017 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) کمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین آفریدی نے ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوںکی سست روی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔وہ اپنے دفتر میں مردان اور صوابی کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میںڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ ، ڈپٹی کمشنر صوابی معتصم باللہ ،ایس ای سی اینڈ ڈبلیو طارق خان کے علاوہ ڈویژنل سطح پر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنرذاکر حسین آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کے فلاح و بہود کے لئے جو منصوبے شروع کئے ہیں انہیں مقرر ہ وقت میں مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مردان کے مختلف منصوبوں بے نظیر چلڈرن ہسپتال،باچا خان میڈیکل،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ،رنگ روڈز ،بائیزی ایرگیشن سکیم جوڈیشل کمپلیکس اور فلائی اوورز پرکام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ تعمیراتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار کے میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف منصوبوں کے لئے فنڈز مہیا کئے ہیں لیکن پھر بھی مقررہ وقت میں منصوبے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچتے جس کے باعث عوامی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔کمشنر نے ضلع صوابی میںگجوخان میڈیکل کالج اورتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوپی پر بھی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقررہ وقت میں منصوبے مکمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

دریں اثناء کمشنرنے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو سہولیات انکے گھر وںکی دہلیز پر پہنچانے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔ انہوں نے بعض محکموں کی ناقص کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنی کارکردگی بہتربنائیں ورنہ انکے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور غفلت کے مرتکب افسران کے تبادلے بھی کئے جائیںگے۔

متعلقہ عنوان :