ہمارا اولین مقصد معذور افراد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے ، ڈیوڈ ہیل

مقصد کے حصول کیلئے حکومت اور غیر سرکاری ادارے اسٹیپ جیسے اداروں کے ساتھ ملکر کام کرتے ہیں ، امریکی سفیر پاکستان میں نوجوان معذور افراد کو حقوق کی بنیاد پر قانون سازی کیلئے حکمت ِعملی کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہوگی، عاطف شیخ

منگل 26 ستمبر 2017 18:43

ہمارا اولین مقصد معذور افراد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2017ء) : پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ان مقصد ہے کہ معذور افراد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنا اور انکے لئے ایسی دنیا کی تعمیر کرنا تاکہ وہ ایک بھرپور اور پر وقار زندگی بسر کرسکیں۔اس مقصد کے حصول کیلئے حکومت اور غیر سرکاری ادارے اسٹیپ جیسے اداروں کے ساتھ ملکر کام کرتے ہیں تاکہ معذور افراد کے حقوق کے تحفظ ، فروغ اور معاشرے میں انکے بھرپورکردار اور شمولیت کیلئے عملی اعانت اور سہولتیں فراہم کی جاسکیں ۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل گزشتہ روز معذور افراد کیلئے منعقدہ لیڈر شپ کانفرنس کی افتتاحی تقریب خطاب کررہے تھے۔ ا نہوںنے پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معذور افراد کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے لگ بھگ ۷۰ افراد سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

امریکی سفارتخانہ ،موبیلٹی انٹر نیشنل اور اسپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (اسٹیپ) کے تعاون سے ایک پروگرام کررہا ہے جس کا مقصد پاکستانی معذور افراد اور اٴْن کے حقوق کے علمبرداروں کو بااختیار بناناہے۔

کانفرنس میں پاکستان کے معذور افراد کے حقوق کی صورتحال، بشمول معذور افراد کے حقوق کے بارے میں قانون سازی،اور پاکستان کے معذور افراد اور ان کے حامیوں کو بااختیار بنانے کیلئے کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ہمارا مقصد معذور افراد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور ایک ایسی دنیا کی تعمیر ہے جس میں معذوری کے شکار افراد ایک بھر پور اور باوقار زندگی گزار سکیں -اس مقصد کے حصول کے لیے ہم حکومتوں اور اسٹیپ جیسے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تا کہ معذور افراد کے حقوق کے تحفظ ،فروغ اورمعاشرے میں اٴْن کے بھر پور کردار اور شمولیت کے لیے عملی اِعانت اور سہو لتیں فراہم کی جا سکیں۔

اسٹیپ کے صدر محمد عاطف شیخ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان معذور افراد کو حقوق کی بنیاد پر قانون سازی کیلئے حکمت ِعملی کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہوگی اور امریکہ میں معذوری کے شکار افراد کے لیے بنائے گئے قانون کی تحریک کا حصہ رہنے والے امریکی ماہرین کی جانب سے فراہم کر دہ یہ تربیت اہمیت کی حامل ہو گی۔ اسٹیپ کی ڈائریکٹر ابیہ اکرم نے کہا کہ اٴْنہیں خوشی ہے کہ بڑی تعداد میں معذور خواتین کو اس تربیت کی وجہ سے امریکہ سے تعلق رکھنے والے معذور افراد کے علمبرداروں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

حال ہی میں امریکی سفارتخانہ اور اسٹیپ کے تعاون سے چلنے والا ایک سالہ پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچا، جس کا مقصد پاکستان کی معذور خواتین کی اعانت اور پاکستانی عوام اور حکومت میں معذور خواتین کے حقوق کے بارے میں آگہی وشعور بیدارکرنا تھا۔ رواں سال اگست میں امریکی سفارتخانہ کے انفارمیشن ریسورس سنٹر اور اسٹیپ نے دو روزہ ٹیکنالوجی ورکشاپ کا اہتمام کیا ،جس کا مقصدشرکا ء کو سوشل میڈیا کو رائے عامہ ہموار کرنے اور آمدن میں اضافہ کرنیکے لیے بروئے کارلانے ، ویڈیو فلمبندی اور تدوین کے علاوہ معذور افراد کیلئے تیار کئے گئے موبائل فون ایپس استعمال کرنے کے بارے میں تربیت دی گئی۔ شمیم محمود