برمی مسلمان پناہ گزین کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، صدر الخدمت فاؤنڈیشن

منگل 26 ستمبر 2017 18:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا ہے کہ 4 لاکھ سے زائد برمی مسلمان پناہ گزین کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، فائونڈیشن ان کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو فرینڈز آف الخدمت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد روہنگیا مہاجرین کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لینا اور ان کی ضروریات کے پیشِ نظر امدادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، سیکر یٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، میجر (ر) رفیق حسرت سمیت دیگر معاون سماجی تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے۔ محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاون رفاعی اداروں کے ساتھ مل کر روہنگیا مہاجرین کو خوراک، ادویات، صاف پانی، شیلٹرز اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کررہی ہے جبکہ سنگین حالات کے پیشِ نظر ان مجبور و بے کس برمی روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد ہماری توجہ اور امداد کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورت حال کے پیش نظرسب کو مل کر اس اہم مسئلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ محمد عبدالشکور نے قوم سے اپیل کی کہ روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :