نواز شریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مولانا فضل الرحمان کی الگ الگ ملاقات

پارٹی امور اورملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال وزیراعظم کی وطن واپسی اور احتساب عدالت میں پیشی سے ملک میں قانون کی بالادستی کو تقویت ملے گی مولانا فضل الرحمن کی سابق وزیر اعظم سے ملاقات میں گفتگو

منگل 26 ستمبر 2017 17:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی، گزشتہ دس دنوں میں دونوں رہنمائوں کی یہ چوتھی ملاقات تھی،ملاقات میں پارٹی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پربات چیت کی گئی ۔منگل کو نواز شریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی۔

جس میں پارٹی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔اس کے علاوہ نواز شریف کی نیب عدالت میں پیشی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔10دنوں میں دونوں رہنمائوں کہ کہ چوتھی ملاقات تھی۔ دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پنجاب ہا ئو س میں ملاقات کر کے ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پنجاب ہاس میں جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے لندن میں زیر علاج بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی ۔

ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر مولانافضل الرحمان نے سابق وزیراعظم کی وطن واپسی اور احتساب عدالت میں پیشی کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں قانون کی بالادستی کو تقویت ملے گی ۔۔