بانی ایم کیوایم بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے ایجنٹ، کلبھوشن یادیو کی طرح غدار ہے، وزیر داخلہ سندھ

وفاق کی جانب سے ہمیں اختیارات ملیں تو الطاف حسین کو پھانسی دینے کیلئے تیار ہیں، سہیل انور سیال

منگل 26 ستمبر 2017 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2017ء) وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیوایم بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی طرح غدار ہے ۔اگر وفاق کی جانب سے ہمیں اختیارات ملیں تو الطاف حسین کو پھانسی دینے کیلئے تیار ہیں ۔وزیر داخلہ سندھ نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹ نے ہمیشہ اپنے وعدوں پر عمل کرکے دکھایا ہے ۔

آج کراچی ایک پرامن شہر ہے ،جس میں سندھ حکومت کے ساتھ ساتھ آرمی اور رینجرز کا کردار مثالی ہے ۔ انہوں نے پرویز مشرف کے زرداری پر بے نظیر اور مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے الزامات کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے کہاکہ 1999میں جب پرویز مشرف نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹا تھا تو اس وقت آصف علی زرداری جیل میں تھے۔

(جاری ہے)

اگر پرویز مشرف کے پاس کوئی ثبوت تھا تو سامنے لاتے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت پرویز مشرف صدرپاکستان تھے ۔لیکن اس وقت بھی مشرف کو یہ بات یاد نہیں آئیں ۔اب بے نظیر بھٹو کے قتل کا فیصلہ آیا اور پیپلزپارٹی نے اپیل میں جانے کا فیصلہ کیا تو یہ سب انکشافات کیوں کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بانی ایم کیو ایم پاکستان کے غدار ہیں ۔غدار کی سزا صرف موت ہے اگر وفاق اجازت دے تو ہم بانی ایم کیو ایم کو پھانسی پر لٹکانے کیلئے تیار ہیں ۔

سہیل انور سیال کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور 9,10محرم کے دوران موبائل سروس معطل کرنے کیلئے وفاق کو درخواست بھی دے دی ہے ۔جس بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہمیں موبائل سروس معطل کرنے کی درخواست موصول ہوگی ۔اس ضلعے میں موبائل سروس معطل رکھی جائے گی