تحریک پاکستان کی سرگرم کارکن آپا فاطمہ صغریٰ کی وفات پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا اظہار تعزیت

منگل 26 ستمبر 2017 17:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے تحریک پاکستان کی سرگرم کارکن آپا فاطمہ صغریٰ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تمام لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور ان کی مغفرت ، بلندی درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کیلئے دعا کی ۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میںانہوں نے کہا کہ 1947 کی تحریک آزادی کے دوران پنجاب سول سیکریٹریٹ لاہور کی عمارت سے یونین جیک کا جھنڈا اتار کر آل انڈیا مسلم لیگ کا جھنڈا لہرانے والی یہ عظیم خاتون پاکستان کی تاریخ کا حصہ بن کر ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔

پاکستان سے بے لوث محبت کا اظہار کرنے والی آپا فاطمہ صغریٰ کے عمل سے تحریک آزادی میں حصہ لینے والے عام کارکنوں کی پاکستان اور اپنے مقصد سے بھرپور جذباتی وابستگی کا اظہار ہوتا ہے جو کہ دراصل قیام پاکستان کا سبب بنا ہے اور یہی کارکن اور بعدازاں ان کی اولادیں عام شہری بن کرہر میدان میں آج تک پاکستان کا جھنڈا اقوام عالم میں بلند کررہے ہیں اور ان شاء اللہ کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپا فاطمہ صغریٰ کا جذبہ حقیقی معنوں میں خراج تحسین پیش کرنے کے لائق ہے۔ پاکستان سے محبت کا ایسا ہی جذبہ لے کرعافیہ 2003 ء میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے وطن واپس لوٹی تھی تاکہ ماہرتعلیم کی حیثیت سے قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو تعلیم یافتہ بنا سکے۔ جرم بے گناہی کی پاداش میں عافیہ کے 5294 دن امریکی تحویل میں گذرے نہیں ضائع کئے گئے ہیں۔ عافیہ کو واپس لا کر اب بھی اس کے ٹیلنٹ سے بھرپور فائدہ اٹھا کر قوم کے لاکھوں بیٹے اور بیٹیوں کو تعلیم یافتہ بنایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :