نوجوانوں میں کرپشن سمیت تمام معاشرتی برائیوں کیخلاف نفرت کے جذبات ابھار کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے

نیب نے اپنے قیام سے لیکر اب تک کرپشن کے خاتمے کیلئے بھر پور کردار ادا کیا ہے، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی جاوید اقبال ، ڈا ئر یکٹر نیب فیصل قریشی اور انچارج انٹلیجنس سیل نیب محمد شعیب کا طلباء سے خطاب

منگل 26 ستمبر 2017 18:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) خود احتسابی کافلسفہ زندگی معاشرے میں توازن، مساوات اور ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ناگزیر ہے۔نوجوانوں میں کرپشن سمیت تمام معاشرتی برائیوں کے خلاف نفرت کے جذبات ابھار کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، نیب نے اپنے قیام سے لیکر اب تک کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔

یہ بات وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان ڈاکٹر جاوید اقبال ، ڈا ئر یکٹر انویسٹی گیشن نیب بلوچستان محمد فیصل قریشی اور انچارج ا نٹلیجنس سیل نیب بلوچستان شیخ محمد شعیب نے ------"احتساب اور گورننس کے موضوع پر یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی"۔انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن معاشرے کا ناسور ہے اور ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے یہی وجہ ہے کہ بلا امتیاز احتساب اپنی تمام تر اقسام کے ساتھ معاشرے کے لئے ناگزیر بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

ہم سب کو اپنی حیثیت اور استعداد کے مطابق کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔مقررین نے قومی احتساب بیورو کی بد عنوانی کے خلاف موثر کاروائیوں کو سہراتے ہوئے کہا نیب نے کرپشن کے خاتمے اور لوٹی ہوئی قومی دولت کی بر آمدگی کے لئے موثر اقدامات کئے۔ انھوں نے طلباء کو ملک کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کے خلاف جہاد کو اپنی اولین ترجیح بنائیں انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی شمولیت اور تائید کے بغیر ملکی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔قبل ازیں نیب افسران نے قومی احتساب بیورو کے کام کرنے کے طریقہ کار اور نیب قوانین سے متعلق سوالات کے جوابات دیئے۔

متعلقہ عنوان :