شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہے‘ملک تنویر اسلم

پاکستان کڈنی لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر صوبہ بھر میں صحت کے حوالے سے ایک منفرد شاہکار ثابت ہوگا‘صوبائی وزیر

منگل 26 ستمبر 2017 18:24

شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں نمایاں خدمات سر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہے اور انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر نگرانی پنجاب بھر میں ڈی ایچ کیو ز اور ٹی ایچ کیوز کی تعمیرومرمت کے ساتھ پاکستان کڈنی لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر صوبہ بھر میں صحت کے حوالے سے ایک منفرد شاہکار ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندگان سے ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔ صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پی کے ایل آئی پیکج ون کے تحت ہسپتال کا پہلا فیز نومبر کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

بلڈنگ میں HVAC سسٹم کی ڈکٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے اور گرے سٹرکچر ہر طرح سے مکمل کرلیاگیاہے ۔ باؤنڈی وال کی تعمیر کا 90 فیصد سے زائد کام مکمل ہے جبکہ ہسپتال میں مسجد، پی کے ایل آئی بازار، پیشنٹ ٹاور بھی تعمیر کیاجارہاہے ، میڈیکل آلات ، وینٹیلیٹرز، ڈائلسز مشینیں ،CSSD،لانڈری، MRI، لیبارٹری، روبوٹ سرجری اور دیگر سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل آلات کی خریداری کا عمل جاری ہے ۔

ہسپتال کے سیوریج 36انچ قطر کی پائپ کو بیدیاں روڈ کی مین پائپ لائن سے ملایاجائے گا جبکہ سڑکات کو چوڑا کرنے اور سوئی گیس کی فراہمی دیگر امور بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صوبہ بھر میں اتھارٹی اپنا کردار احسن طریقے سے نبھا رہی ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوں پر پوری اترے گی۔