سندھ ہائی کورٹ ،’’لیٹ گرلز لرن مہم‘‘میں کرپشن ،مریم نواز کے خلاف درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سے جواب طلب

منگل 26 ستمبر 2017 18:17

سندھ ہائی کورٹ ،’’لیٹ گرلز لرن مہم‘‘میں کرپشن ،مریم نواز کے خلاف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے امریکا سے لڑکیوں کی تعلیم کے سات ارب کے معاہدے اور فنڈز میں کرپشن سے متعلق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو جواب جمع کرانے کے لیئے 16اکتوبر تک مہلت دے دی۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو امریکا سے لڑکیوں کی تعلیم کی7 ارب روپے کے معاہدے اور فنڈز میں کرپشن سے متعلق سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ مریم نواز نے جون2016 میں مشل اوباما کے ساتھ امریکا میں پریس کانفرنس کی۔ نیوز کانفرنس میں "لیٹ گرلز لرن" مہم کا اعلان کیا گیا۔ دو لاکھ لڑکیوں کی تعلیم اور بہبود کا معاہدہ سرد خانے کی نذر ہوگیا۔

(جاری ہے)

نیب سے سات ارب روپے کے فنڈزکی تحقیقات کرائی جائے۔پوچھا جائے مریم نواز نے سرکاری عہدے کی بغیر کس حیثیت میں معاہدہ کیا۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے معاہدی"لیٹ گرلز لرن" اور فنڈز کی تفصیلات طلب کرلیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزارت داخلہ اور دیگر کو خط لکھ دیئے ہیں جواب کا انتظار ہے۔ عدالت نے جواب کیلئے 16 اکتوبر تک مہلت دے دی۔ درخواست میں وفاقی وزارت خزانہ ، مریم نواز اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔