سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزاء پانے والے پولیس افسران کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کل ہو گی

منگل 26 ستمبر 2017 17:03

سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزاء پانے والے پولیس ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزاء پانے والے دو پولیس افسران کی جانب سے ضمانت کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کل لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر کر یں گے ۔بے نظیر قتل کیس میں سزاء پانے والے افسران سابق سی پی او سعود عزیز اورسابق ایس پی راول ٹاؤن خرم شہزاد کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں کی ابتدائی سماعت لاہور ہائی کورٹ مشتمل ڈویژن بینچ نے کی تھی ۔

گذشتہ سماعت پر فاضل عدالت نے ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او تھانہ سٹی کاشف ریاض اور اسٹیٹ کو نوٹس جاری کیا تھا ۔گذشتہ سماعت پر پولیس افسران کے وکیل غنیم عبیر نے عدالت کو بتایاکہ حاضر ڈیوٹی پولیس افسر خرم شہزاد کیس کے فیصلہ سے قبل ضمانت پر تھے۔

(جاری ہے)

خرم شہزاد کی ترقی ہونی ہے تاھم اگر ضمانت نہ ہوئی تو ان کا سروس کیرئر خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

انہوںنے مزید کہاکہ عجلت میں سنائے گئے فیصلوں میں انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا۔ فاضل عدالت نے نوٹسز کے اجراء کے ساتھ پولیس افسران کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 27ستمبر تک متوی کر دی تھی ۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے مقدمہ قتل میں 17 برس قید کی سزا پانے والے سابق ڈی آئی جی سعود عزیز اور ایس ایس پی خرم شہزاد نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف بھی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں اپیل دائر کر رکھی ہے ۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گذشتہ ماہ اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پانچ نامزد ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا کر باعزت بری کرنے کا حکم دیا تھاجبکہ وقوعہ کے وقت راولپنڈی کے سی پی او سعود عزیز اور ایس پی راول ٹاؤن خرم شہزاد کو فرائض کی ادائیگی میں مجرمانہ غفلت برتنے پر 17، 17 برس قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ان پولیس افسران کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 119 کے تحت دس، دس سال جبکہ 201 کے تحت سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر انھیں مزید چھ چھ ماہ قید بھی بھگتنا ہو گی۔یہ دونوں افسران ضمانت پر تھے اور عدالتی فیصلے کے بعد ان دونوں کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے خلاف تین اپیلیں جمع کروائی ہیں جن میں سے ایک اپیل میں مذکورہ پولیس افسران کو سنائی گئی سزاء کو کم قرار دیتے ہوئے ان کی سزاء بڑھانے کی استدعا کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :