لندن کی مقامی عدالت کی گھریلو تشدد کے مجرم کو انوکھی سزا، نئی گرل فرینڈ بنانے پر پولیس کو اطلاع دینی ہو گی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 26 ستمبر 2017 16:48

لندن کی مقامی عدالت کی گھریلو تشدد کے مجرم کو انوکھی سزا، نئی گرل فرینڈ ..
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-26ستمبر 2017ء ):برطانیہ کی مقامی عدالت نے گھریلو تشدد کے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو یہ حکم بھی دیا ہے کہ وہ آئندہ کوئی بھی گرل فرینڈ بنانے سے پہلے پولیس کو ضرور خبر کرے۔ اسے برطانوی عدالتی تاریخ کا سب سے عجیب و غریب لیکن انتہائی مفید فیصلہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔ لندن کے 30 سالہ رہائشی کائل گوڈفرے کی سابقہ گرل فرینڈ نے اس کے خلاف پولیس سے شکایت کی تھی کہ وہ اس پر تشدد کرتا تھا اور گھنٹوں رسیوں سے باندھ کر رکھا کرتا تھا۔

اس شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گوڈفرے کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کے بعد عدالت کے سامنے پیش کردیا۔اگرچہ گوڈفرے کو ضمانت پر رہائی دے دی گئی لیکن عدالت نے آئندہ 7 سال تک کے لیے اسے پابند کیا ہے کہ اگر وہ کوئی گرل فرینڈ بنائے گا یا کسی خاتون سے 2 ہفتوں تک روزانہ میل ملاقات کرے گا تو اسے یہ اطلاع لازماً مقامی پولیس کو دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار اس خاتون/ ممکنہ گرل فرینڈ سے ملیں گے اور اسے گوڈفرے کے پرتشدد ماضی سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ محبت کے اس تعلق میں کسی بھی مار پیٹ یا تشدد کی فوری رپورٹ پولیس کو دے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق اگر گوڈفرے نے اس حکم پر عمل نہ کیا تو اس کی ضمانت منسوخ کردی جائے گی اور اسے 10 سال تک جیل کی ہوا کھانا پڑے گی۔