مسلح فلسطینی شخص کی فائرنگ ، تین اسرائیلی ہلاک ، ایک زخمی

منگل 26 ستمبر 2017 16:22

مسلح فلسطینی شخص کی فائرنگ ، تین اسرائیلی ہلاک ، ایک زخمی
یروشلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2017ء) اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ایک مسلح فلسطینی نے مغربی کنارے میں قائم ایک بستی میں داخل ہوتے ہوئے اسرائیلی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد فلسطینی مزدوروں کے ساتھ ہار ادارگیٹ سے داخل ہورہا تھا کہ اس نے ہتھیار نکالا اور موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے میں 3 اسرائیلی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا اور حملہ آور کو جوابی کارروائی میں زخمی کردیا گیا۔بعد ازاں پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

(جاری ہے)

حملہ آور کی شناخت ہار ادار کے قریب فلسطینی گاں کے رہائشی 37 سالہ بیت سوریک کے نام سے ہوئی جس نے بستی میں کام کے لیے ورک پرمنٹ حاصل کررکھا تھا۔

واقعے میں زخمی ہونے والے اسرائیلی کو یروشلم کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغربی کنارے پر قائم بستیوں کے ساتھ متعدد فلسطینی دیہات آباد ہیں تاہم یہاں اس قسم کا واقعہ غیر معمولی بات ہے۔یاد رہے کہ اکتوبر 2015 سے شروع ہونے والی حالیہ کشیدگی میں اب تک 295 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ اس عرصے میں 50 اسرائیلی، 2 امریکی، اردن کے دو شہری جبکہ ارٹیریا، سوڈان اور برطانیہ کا ایک ایک شہری ہلاک ہوا۔

اسرائیلی حکام کا دعوی ہے کہ جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں نے اسرائیلی فورسز پر چاقو، دیگر اسلحے سے حملے کیے جبکہ فورسز پر کار حملے بھی کیے گئے اور فورسز نے انہیں دفاع میں ہلاک کیا جبکہ متعدد فلسطینیوں کو احتجاج، مظاہروں اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک کیا گیا۔دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں جاں بحق کیے جانے والے فلسطینی شہری غیر مسلح تھے۔۔

متعلقہ عنوان :