گورنر سندھ سے روس کے قونصل جنرل الیگزینڈر جی خوزن کی ملاقات

منگل 26 ستمبر 2017 15:24

گورنر سندھ سے روس کے قونصل جنرل الیگزینڈر جی خوزن کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے روس کے قونصل جنرل الیگزینڈر جی خوزن نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میںپاک روس باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کے روز جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب ہے، امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں،روسی سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے فائدہ اٴْٹھائیں، پاک روس اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر سراہا جانا چاہئے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ موجودہ دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہوئی ہے،پاکستان کی معاشی ترقی میں روس کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک روس دو طرفہ تعلقات خطہ اور دونوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے ، وقت کے ساتھ عالمی حالات کی تبدیلی سے پاک روس تعلقات کو ایک نئی جہت حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مستحکم اور مضبوط تعلقات میں دوطرفہ سرمایہ کاری اہم ثابت ہو سکتی ہے اس ضمن میں روس کے سرمایہ کار صوبہ کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کریں ،حکومت انھیں ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں توانائی ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، ایگری کلچر ، صحت ، تعلیم اور بنیادی ضروریات سے تعلق رکھنے والے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش ہے جہاں سرمایہ کاری سے فوری اور مطلوبہ نتائج سے بڑھ کر منافع یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے پوری دنیا میں سرفہرست ایک بڑا شہر ہے جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار اور بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیومن ریسورس وافر تعداد میں دستیاب ہے جو کسی بھی سرمایہ کار کے لئے آئیڈیل اہمیت کی حامل ہے ، شہر میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں جس سے شہر کی استعداد کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، روس کے سرمایہ کار اس پرکشش اور آئیڈیل ماحول سے بھرپور استفاد ہ حاصل کرسکتے ہیں ۔

ملاقات میں روسی قونصل جنرل الیگزینڈر جی خوزن نے کہا کہ کوئی بھی بین الاقوامی کمپنی پاکستان جیسی بڑی مارکیٹ کو نظر انداز نہیں کر سکتی،پاک روس اقتصادی تعاون میں اضافہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پاک روس تعلقات میںمزید استحکام سے ہی دونوں ممالک کے مفادات وابستہ ہیں ، روسی سرمایہ کار پاکستان با الخصوص صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ حاصل کرینگے جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور مستقبل کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات بھی خطہ کے استحکام کے لئے اہم ثابت ہونگے۔

متعلقہ عنوان :