نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی پر وزیراعظم ہائوس کے سکیورٹی اہلکاروں کا نجی ٹی وی رپورٹر پر تشدد

رپورٹر کو کمرہ عدالت سے باہر لاکرزدوکوب کیا گیا ،جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا نمائندوں اور سکیورٹی سکواڈ سمیت وکلاء کے درمیان تلخ کلامی،تشدد کرنے والے سکیورٹی اہلکار کو گاڑی میں بٹھا کر موقع سے بھگا دیا گیا

منگل 26 ستمبر 2017 15:23

نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی پر وزیراعظم ہائوس کے سکیورٹی اہلکاروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر وزیراعظم ہائوس کے سکیورٹی سکواڈ کے اہلکاروں نے نجی ٹی وی کے رپورٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا‘ نجی ٹی وی کے رپورٹر کو کمرہ عدالت سے اٹھا کر باہر لایا گیا اور انہیں زدوکوب کیا جس کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کے احاطہ اور عمارت کے باہر میڈیا کے نمائندوں اور سکیورٹی سکواڈ سمیت وکلاء کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم رپورٹر پر تشدد کرنے والے سکیورٹی اہلکار کو گاڑی میں بٹھا کر موقع سے بھگا دیا گیا۔

منگل کو احتساب عدالت میں پانامہ کیس میں دائر ریفرنسز کی سماعت کے دوران نجی ٹی وی کے رپورٹر عامر عباسی کمرہ عدالت میں موجود تھے جنہیں سابق وزیراعظم کے سکیورٹی سکواڈ میں شامل اہلکاروں نے پکڑا اور انہیں کمرہ عدالت سے باہر نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا جس پر وہاں موجود صحافیوں نے شدید احتجاج کیا اور اس اہلکار کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تاہم جب سابق وزیراعظم جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ ہوئے تو کچھ وکلاء نے بھی صحافیوں سے بدتمیزی کی جس پر صحافیوں اور وکلاء کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور صحافی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکار سے ہاتھا پائی ہوئی۔

(جاری ہے)

اس دوران سکیورٹی اہلکار کو موقع سے فرار کروا دیا گیا۔